ٹھٹہ کے قریب جھنگ شاہی ریلوے اسٹیشن پر ریل گاڑی کی زد میں آکر تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔ مزدور ریلوے کے بند ٹریک کی مرمت کر رہے تھے۔ افسوس ناک واقعہ ٹھٹھہ سے اٹھارہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جھنگ شاہی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ کراچی کے قریب جنگ شاہی پر مال گاڑی کا ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔ جس کے بعد اندرون ملک سے آنے والا ٹریک ریلوے ٹریفک کے لئے بند ہوگیا۔
ڈی ایس ریلوے کے مطابق پٹری کی مرمت کے لئے آنے والے تین مزدور عبداللہ، ابراہیم اور شکور لاہو ر سے آنے والی کراچی ایکسپریس کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ ملازمین کے اہل خانہ اور اہل محلہ نے واقعہ پر احتجاج کیا۔ ریلوے ورکرز یونین کے چیئرمین منظور رضی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزدروں کے اہل خانہ کوبیس ،بیس لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔