پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تعلیم سے محروم پندرہ لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کے تحت سرکاری اسکولوں میں پہلی سے دسویں جماعت تک تمام طالبات کو 200 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے ذرائع کو بتایا کہ صوبہ بھر میں کمیونٹی سکولز اور تمام سرکاری اسکولوں میں گورننگ بورڈز قائم کئے جائیں گے۔ جبکہ تعلیمی نصاب کوبھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔عاطف خان نے بتایا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت صوبے بھر میں ان پندرہ لاکھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا جو مختلف وجوہات کی بنا پرا سکولوں میں داخلہ لینے سے قاصر ہیں۔