اسلام آباد (جیوڈیسک) کشمیر اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں چھتیں گرنے کی وجہ سے 6 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مون سون نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔ بادل برسنے سے کہیں موسم خوشگوار ہونے پر لوگ خوش ہیں، تو کہیں بارش کا پانی تباہی کا سامان بن گیا۔ آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
ملکہ کو ہسار مری میں بادل اس قدر ٹوٹ کر برسے کہ سیاحوں کو واپس اپنے شہروں کو لوٹنا پڑ رہا ہے جس سے ہل اسٹیشن کی رونقیں ماند پڑ رہی ہیں۔ سوات میں موسلا دھار بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔ سیالکوٹ کے نواحی گاوں لودھرے میں تیز بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق اور ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔ گوجرانوالا میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے باپ اور تین بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں۔ وہاڑی کے مختلف علاقوں میں بادل جم کے برسے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
چترال میں دوپہر تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری رہی جس سے شہر کی فضا دل فریب ہو گئی۔ مانسہرہ میں آج بھی وقفے وقفے سے ابر کرم برستا رہا۔ بارش سے میدانی علاقوں میں موسم خوشگوار جبکہ بالائی تفریحی علاقوں میں موسم سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالا، لاہور، مالاکنڈ کنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔