دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے صوابی سیلابی ریلے کا شکار ہے، مسلم بھٹو

کراچی : عوام کو جان و مال کے تحفظ کی فراہمی اور قدرتی آفات کی اطلاعات پر مؤثر و حفاظتی انتظامات و اقدامات کے ذریعے سانحات سے روک تھام اور بچاؤ کی دیانتدارانہ کوششوں کے زریعے عوام کو نقصانات سے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری اور تاریخ گواہ ہے کہ پرویز مشرف کا دور اقتدارجہاں کرپشن سے پاک تھا اور ہر شعبے میں تیزرفتار ترقی ہورہی تھی وہیں حکومت نے مؤثر حفاظتی انتظامات و اقدامات کے ذریعے عوام کو برساتوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی محفوظ بنایا مگر جمہوریت کے نام پر کی گئی۔

سازش کے اقتدار پانے والوں کی غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف عوام دہشتگردوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے ہاتھوں یرغمال بنے جان و مال سے محروم ہورہے ہیں بلکہ کرپشن کے باعث حادثات و آفات میں بھی عوام کے جان و مال کا نقصان ہورہا ہے ۔آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو نے نور محمد لاشاری، منظور بھٹہ، قرأت زیدی، مصطفی مرزا اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور صوابی کا تفریحی کے تفریحی مقام سمیت کئی بستیاں سیلابی ریلے کا شکار ہوکر زیرِ آب آچکی ہیں۔

اسلئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متوقع برساتوں اور سیلاب کے پیش نظر مؤثر اقدامات و انتظامات کے ذریعے عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ سندھ کے عوام گزشتہ کئی سالوں سے برسات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہیں اور مفلوک الحالی کا شکار ہیں اور اب ان میں اتنی سکت نہیں ہے کہ وہ حکومت کی غفلت کے باعث مزید قربانیاں دے سکیں۔