لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق پر مشتمل متحدہ اپوزیشن نے نئے بلدیاتی بل آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی سے بل پاس کرانے پر اسمبلی کے باہر اور اندر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعے کو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر قائم ہونے والا بلدیاتی نظام ظلم پر مبنی ہے اور یہ نظام میثاق جمہوریت کے بھی خلاف ہے۔