بارشوں اور سیلاب نے ایک سو بیس سے زائد افراد کی جان لے لی

Rain

Rain

ملک بھر میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی اور جہانیاں میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے تین بچوں سمیت نو افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو بیس سے زائد ہو گئی۔ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے۔

گوجرانوالا میں صبح سویرے مکان کی چھت گرنے سے باپ تین بچوں سمیت جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی میں بھی چھت گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ جہانیاں میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ سیالکوٹ میں بھی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو بیس سے زائد ہوگئی ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے سات سو ستر کے قریب دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں چوبیس سو سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ اٹھائیس سو کے قریب مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئیں۔