سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام کے بل نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماں کو حکومت سے گلے ملادیا، بلدیاتی نظام کا بل پیش ہوتے وقت مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے حکومت کی حمایت کر دی، سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام کا بل منظور ہونے کی خوشی میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ اچانک اپنی نشست سے اٹھ کر اپوزیشن بینچوں کی جانب بڑھے، انہوں نے مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ اور مسلم لیگ ن کے عرفان اللہ مروت کو گلے لگا لیا۔
سندھ اسمبلی میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 منظور ہوتے وقت تحریک انصاف کے چار ارکان نے بھی حکومتی بل کی حمایت کی اور بل منظور ہوتے وقت خاموشی سے اپنی نشستوں پر براجمان رہے، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ فنکشنل کے ارکان تو پیپلزپارٹی کے ارکان کے ساتھ مل کر ڈیسک بجارہے تھے۔
سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام کے بل پیش ہوتے وقت ایم کیو ایم مخالفت کرتی رہی لیکن شدید احتجاج نظر نہیں آیا، متحدہ نے واک آٹ تو کیا لیکن سندھ یونیورسٹی کے اختیارات کے بل پر۔ سندھ اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے شیر و شکر جیسے ماحول میں مسلم لیگ فنکشنل کے نئے رکن جام مدد علی کا بھلا ہو گیا، جنہیں حلف لینے کا موقع ملا۔