کراچی (جیوڈیسک) طلبا کو کالجز میں داخلے کیلئے فارم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ تعلیم کے حکام کی جانب سے نامزد بنک کی برانچز نے طلبا کو فارم دینے سے انکار کر دیا۔
کراچی کے کالجز میں گیارہویں جماعت میں داخلوں کے لئے فارم وصول کرنے کی تاریخ میں تین روز کی توسیع کرنے کے باوجود طلبہ وطالبات کو مقررہ بنک کی برانچوں سے فارم نہیں دیئے جا رہے ہیں۔ ناظم آباد سمیت شہر کے کئی بنکوں پر طلبہ وطالبات کا رش رہا بنک انتظامیہ کا کہنا ہے۔
کہ انہیں محکمہ تعلیم نے فارم نہیں دیئے گئے ہیں جبکہ ترجمان ڈائریکٹوریٹ کالجز کا کہنا ہے کہ جہاں فارم ختم ہو گئے ہیں انھیں جلد فارم روانہ کر دیئے جائیں گے۔ کالجز میں داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 اگست ہے۔