دریائے چناب میں طغیانی، سیلابی ریلا آج رات ملتان سے گزرے گا

River Chenab

River Chenab

لاہور (جیوڈیسک) لاہور دریائے چناب میں ساڑھے تین لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا آج رات ملتان سے گزرے گا۔ دریائے ستلج میں طغیانی سے قصور میں مزید درجنوں دیہات ڈوب گئے۔ بورے والا، بہاولنگر اور وہاڑی میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی۔ دریائے راوی میں طغیانی نے بھی درجنوں بستیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

دریائے چناب میں ساڑھے تین لاکھ کیوسیک کا سیلابی ریلا جھنگ سے گزرنے کے بعد آج رات ملتان میں داخل ہونا شروع ہو جائے گا۔ سیلاب کے خظرے کے پیش نظر ملتان، کبیر والہ شجاع آباد جلال پور پیر والہ اور علی پور کے بیٹ کے علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ سیلابی ریلے سے ملتان کے نواحی علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ادھر دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے قصور میں مزید درجنوں دیہات ڈوب گئے۔

بورے والا، بہاولنگر اور وہاڑی میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی۔ دریائے راوی میں طغیانی نے بھی درجنوں بستیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ فصلیں تباہ، گھر برباد اور کھانے پینے کا سامان ضائع ہو گیا۔ لوگ جانیں بچانے کے لئے اونچے ٹیلوں پر پناہ لئے ہوئے ہیں۔ حویلی لکھا، اوکاڑہ اور پاکپتن میں بھی صورتحال جوں کی توں ہے۔ سیکڑوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

مواصلات کا نظام تباہ ہو چکا ہے اور ہزاروں افراد پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ کوڑے شاہ زیریں، دادرا، والا اور 26 ٹکڑا کے مقام پر دریائی کٹا جاری ہے۔ سیکڑوں ایکڑ اراضی پانی میں ڈوب جانے سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ ننکانہ صاحب، ساہیوال اور چیچہ وطنی میں بھی درجنوں دیہات زیر آب ہیں۔