لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے بل کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے کل آل پارٹیز کانفرنس بلالی اور جمعے کو احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹا تاخیر سے شروع ہوا، تحریکِ انصاف کے اسلم اقبال نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد پیش کی، رانا ثنااللہ نے مخالفت کردی اور کہا کہ ابھی اس کی ضرورت نہیں، اپوزیشن کے بھرپور احتجاج پر رانا ثنا اللہ کوموقف سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن نے مجوزہ بلدیاتی بل کے خلاف ایوان کے احاطے میں احتجاج بھی کیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کل لاہور میں اے پی سی طلب اور جمعے کو احتجاج کی کال دے دی اور کہا کہ بل پاس ہوا تو عدالت جائیں گے۔
وزیرِقانون وبلدیات پنجاب راناثنا اللہ نے کہاکہ مجوزہ بلدیاتی بل پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا گیا تھا، اب وہ اپنی قیادت کے کہنے پراحتجاج کر رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی نے ٹیکس ایمنسٹی کے نفاذ اوربصیر پور کو تحصیل کا درجہ دینے کی قرار دادیں بھی متفقہ طور پر منظور کر لیں۔ اجلاس بدھ کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔