اضلاع کی خبریں 21.08.2013
Posted on August 21, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
ضمنی الیکشن میں بھی ن لیگ ریکارڈ ووٹ لے گی’خواجہ طارق جاوید نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)راہنما پاکستان مسلم لیگ(ن)وسابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)جنرل الیکشن کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کریگی۔پاکستان مسلم لیگ(ن)واحد نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے’بجلی بحران کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے عوام سے جو بھی وعدے کیے انہیں ہر حال پورا کیا جائیگا۔آخر میں انہوں نے مزید کہاکہ قوم ضمنی انتخابات میں بھی عام انتخابات کی تاریخ دہرا کر ثابت کریگی کہ مسائل کے حل کی جدوجہد میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو قوم کا غیر متزلزل اعتماد حاصل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخوپورہ کا رہائشی عمران مسیح دین اسلام سے تائب ہوکر مسلمان ہوگیا
گوجرانوالہ (جی پی آئی)عمران مسیح ولد غریب مسیح سکنہ پڈیانوالہ ضلع شیخوپورہ عیسائی مذہب سے تائب ہوکر مذہب حق اسلام میں داخل ہوچکا ہے۔ اب اس کا نام عمران مسیح کی بجائے محمد عمران ولد غریب عالم رکھ دیا گیا ہے اور باقاعدہ دینی تعلیم کیلئے نوشہرہ ورکاں دارالعلوم فاروقیہ میں زیر تعلیم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نے واضح پالیسی کا اعلان نہ کرکے پوری قوم کو مایوس کیا : محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)دہشت گردی اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم نے واضح پالیسی کا اعلان نہ کرکے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔ دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں نہ لانا ریاست اور حکومت کی نااہلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں علماء کرام، عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی اور قاری غلام سرور حیدری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے حکومتی، عسکری اور سیاسی قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرے۔ وزیراعظم کی جانب سے سزائے موت پر عملدرآمد کو روکنا قرآن و حدیث کی رو سے انصاف کا قتل، دہشت گردی، قاتلوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ اس حکم سے صرف پنجاب میں 685 افراد کی پھانسی رک گئی اور 5600 کیسز میں متوقع سزائوں پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا۔ دہشت گردوں کو جب تک تختہ دار پر لٹکایا نہیں جاتا بدامنی، قتل و غارت کو روکنا ناممکن ہے۔ ن لیگ کا پنجابی طالبان کے خلاف کارروائی سے گریز کرنا اور الیکشن میں کالعدم تنظیموں کے سرگرم رکن عابد رضا کو گجرات اور عباد رضا کو مظفر گڑھ میں پارٹی ٹکٹ دیکر کامیاب کرانا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی وجہ سے سنی اتحاد کونسل نے ن لیگ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اس کی زندہ مثال آج سزائے موت کے قانون پر عملدرآمد سے معذوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، طالبان سے مذاکرات کا مقصد 40ہزار پاکستانیوں اور پانچ ہزار سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت سے غداری ہے۔ شریعت کسی قانون شکن قاتل کو ذاتی طور پر معاف کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیروزوالہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 22اشتہاری ملزمان اور 14عدالتی مفرور گرفتار کرلئے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)فیروزوالہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 3روز میں 22 اشتہاری ملزمان اور 14عدالتی مفرور گرفتار کرلئے ہیں۔ اس کارروائی کی نگرانی ایس پی سول لائنز شعیب خرم جانباز نے کی۔ سی پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت مختار نے بتایا کہ سابق لیبر کونسلر زاہد اقبال کے قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ مار کر 12قمار بازوں کو گرفتار کرلیا گیا اور انکے قبضے سے دائو پر لگائی جانے والی رقم 74 ہزار روپے برآمد کرلی گئی ۔یہ اڈا سالہا سال سے چلایا جارہا تھا۔ امین پور سیداں کے جلیل عباس کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ڈکیتی کی واردات کے دوران چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور شبیر شفیع سکنہ نتھوکے سندھواں کے قبضے سے رائفل 44بور، شہباز رحمت کے قبضے سے پسٹل 30بور، جلیل کے قبضے سے پسٹل 30 بور، اشرف مسیح سکنہ جھنگی کے قبضے سے رائفل 44بور، الیاس یونس کے قبضے سے پسٹل 30بور، ناصر کے قبضے سے رائفل 222 بور، شہزاد منیر کے قبضے سے پسٹل 30بوربرآمد کیا گیا ۔سی پی او نے شاندار کارروائی پر ایس ایچ او فیروزوالہ مرزا زمان اور انکی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی اتحاد کونسل احمد نگر کا انتخابی اجلاس ساروکی چیمہ میں الحاج سرفراز احمد تارڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا
گوجرانوالہ(جی پی آئی) سنی اتحاد کونسل حلقہ تھانہ احمد نگر کا انتخابی اجلاس مرکز اہلسنت ناموس رسالتۖ کمپلیکس دربار عامر چیمہ شہید ساروکی چیمہ میں الحاج سرفراز احمد تارڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں نئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔ سرپرست اعلیٰ الحاج سرفراز احمد تارڑ، سرپرست قاری غلام سرور قادری، چیئرمین ڈاکٹر محمد عارف سیفی، سینئر وائس چیئرمین قاری عبدالرشید فاروقی، وائس چیئرمین سید فاروق حیدر شاہ، قاری اشفاق احمد سلطانی، جنرل سیکرٹری حضرت علامہ قاری ظفر الحق حقانی، سینئر وائس جنرل سیکرٹری قاری اﷲ بخش سیالوی، وائس جنرل سیکرٹری حضرت علامہ قاری نوید احمد فاروقی، سیکرٹری نشرواشاعت قاری طاہر ندیم حیدر چشتی، رابطہ سیکرٹری قاری احسان اﷲ کیلانی، سینئر نائب سیکرٹری قاری اسماعیل نقشبندی منتخب ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم کا قو م سے خطاب مایوس کن تھا :چوہدری محمد طارق گجر
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر و سابق ایم پی اے چوہدری محمد طارق گجر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا قو م سے خطاب مایوس کن تھا ، بحرانوں میں گھر ی قوم فوری نتائج اور مسلم لیگ ن کے انتخابی وعدوں کی تکمیل چاہتی ہے لیکن انہیں اب لمبے وعدوں پر ٹرخا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ملکی مسائل کا حل تجویز کرنے کی بجائے ایسی معلومات پر ہی اکتفا کیا جنہیں قو م پہلے سے ہی جانتی ہے۔ چوہدری طارق گجر نے کہا کہ اگر حاکم وقت کے پاس کہنے کو کچھ نہیں تھا تو انہیں قوم سے خطاب کے لئے مزید انتظا رکر لینا چاہیے تھا۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن قوم سے کئے گئے وعدوں کو محض جذباتی تقرریں کہ کر بلا سر سے ٹالنے کی کوشش کرنے کے بجائے انکی تکمیل کے لئے عملی اقدامات کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب ہر پاکستانی کے دل کی آواز تھی:نسرین اشفاق
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی ضلعی راہنما نسرین اشفاق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب ہر پاکستانی کے دل کی آواز تھی، انہوںنے ثابت کردیا ہے کہ وہ مختصر دور اقتدار میں ملک و قو م کو درپیش مسائل سے پوری آگاہی حاصل کر چکے ہیں اور انکے حل کے لئے حکومت جامع منصوبہ بند ی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم چودہ سال بعد اپنے محبوب راہنما کا خطاب سننے کے لئے بے تاب تھی جسکی تکمیل کرکے انہوں نے حقیقی عوامی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قرآن وسنت کی دعوت اس وقت کا سب سے بڑاجہاد ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور( جی پی آئی)قرآن وسنت کی دعوت اس وقت کا سب سے بڑاجہاد ہے ،امت مسلمہ کے خلاف تمام سازشوں کا مقابلہ علم وعمل ہی سے کیا جاسکتا ہے۔ درس و تدریس کا سلسلہ مسلم سوسائٹی کے وقار کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ جلالیہ رضو یہ مظہر الاسلام داروغہ والا لاہور کے پرنسپل و سربراہ ادارہ صراط مستقیم انٹر نیشنل ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے جامعہ کے نئے تعلیمی سال کے آغاز اور پا نچویں دورہ حدیث کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بخاری شریف کی پہلی حدیث پڑھا کر نئے تعلیمی سال کا آغاز اور دورہ حدیث کا افتتاح کیا۔جامعہ جلالیہ کی تمام کلاسز میں داخلہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم کفر امت مسلمہ کو قرآن و سنت سے دور کرنے کیلئے ہر حربہ آزما رہا ہے مگر حق پرستوں نے ہر دور میں آندھیوں کے باوجود دیا جلائے رکھا ہے۔ہم اپنے عظیم اکابر کی حریت پسند روایات کے مطابق دین کا پرچم بلند رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ دنیاوی مفادات کو با لا ئے طاق رکھ عملی اقدامات اٹھا ئے جائیں ۔کلمہ حق کی سربلندی کی خاطر کسی کی پرواہ نہ کریں۔ درس و تدریس، وعظ و تبلیغ اور تصنیف وتالیف اپنی زندگی کاہمہ وقت وظیفہ بنائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم کی تقریر نے عوام کو مزید مایوس اور بد دل کیاہے :محمد شاداب رضا نقشبندی
لاہور( جی پی آئی)پاکستان سنی تحریک پنجاب کے صدر محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریر نے عوام کو مزید مایوس اور بد دل کیاہے ۔وزیر اعظم نے بھارتی جار حیت کو نظر انداز کر کے بھارتی انتہا پسند ی کی حوصلہ افزائی کی ہے۔وزیر اعظم نے دہشت گردوں کومزاکرات کی دعوت دیکر 50ہزار سولین اور5ہزار سکیورٹی فورسز کی دی جانے والی قربانیوں کو ضائع کردیا ہے۔تقریر میں اپنے ذاتی خوابوں اور ذاتی خیالوں سے عوام کو بھی خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں دھکیلنے کو شش کی گی ہے۔ وزیر اعظم کی تقریرسے معلوم ہو تاہے کہ حکومت کے پا س ملک کو چلانے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔صوبائی صدر پنجاب محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دہشت گردی،تعلیمی فقدان،کرپشن،بے روزگاری،غربت کا خاتمہ کرنے اورمعاشی ،سیاسی،امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کیلئے کو ئی لائحہ عمل پیش نہیں کیا۔وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف الیکشن سے قبل اپنی جماعت کی طرف سے پیش کیے گے منشور پر ہی عملدرآمد کر لیں تو اس سے بھی کافی حد تک عوام کوافاقہ ہو سکتا ہے۔قرض لیکر حکومت نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے زندہ در گور کرنے کی کوشش کی ہے۔کراچی میں امن صرف وزیر اعظم کی خواہش پر نہیں ہوسکتا بلکہ اس کیلئے مخلصانہ کوشش اور عملی کاروائی کرنا ہو گی۔تقریر میںوزیر اعظم نے عوام کو کسی بھی طر ح کا کوئی ریلیف نہیں دیا ۔ میاں محمد نوازشریف کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ وہ کسی ریاست کے بادشاہ نہیں بلکہ پا کستان اسلامی جمہوریہ کے منتخب وزیر اعظم ہیں۔جہاں صرف خوابوں سے کام نہیں چلایا جا سکتا۔ پاکستان سنی تحریک کے تر جمان محمد نواز قادری کے مطابق کل سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے لاہور بھر میں امدادی کیمپ لگائے جائیں گے۔علماء مشائخ اور مذہبی جماعتیں سیلاب زدگان کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔بے گھر ہونے والے اپنے ہم وطنوں کیلئے قربانی دینے کا وقت ہے۔سنی تحریک کے کارکنان گھر گھر جا کر سیلاب زدگان کیلئے امداد جمع کریں ۔سیلاب زدگان کو اس وقت فوری راشن،ادویات،رہنے کیلئے پناہ گاہیں،بچوں کیلئے تفریحی سہولیات درکار ہیں۔متاجروں ،صنعتکاروں ،مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی فوری امداد کی جائے۔ حکومت کی جانب سے نا مناسب انتظامات نے عوام کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں حکومت فوری ادویات مہیا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف کا خطاب قومی ایجنڈے کی تکمیل کی جانب سنگِ میل ثابت ہوگا۔ حنا پرویز بٹ
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے قوم سے خطاب سے ثابت ہوگیا کہ نوا زشریف دعوؤں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ توانائی بحران کے خاتمے ، دہشت گردی سے نجات اور معاشی استحکام کے نتیجے میں خوددار ، خود مختار اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ ممبرصوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا خطاب قومی ایجنڈے کی تکمیل کی جانب سنگِ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں نہایت ہی جامع انداز میں حکومتی ترجیحات کا تعین کر دیا ۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنواز شریف عجلت میں قوم سے خطاب کر کے خانہ پری کرنے کی بجائے تمام تر حالات کا بنظر ِ غائر جائزہ لینے کے بعد حقائق کی روشنی میں عوام کے سامنے اپنا ایجنڈا رکھنا چاہ رہے تھے جس میں وہ ہر لحاظ سے کامیاب رہے ۔ انہو ںنے کہاکہ سمت کے تعین کے ساتھ ہی منزل کی جانب سفر کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف عوام سے کئے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف ایک حقیقی رہنما ہیں ایک ایسے رہنما جن کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔آج کے نوجوان کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نئی نسل نے انہیں بھرپورمینڈیٹ دیا تاکہ وہ ملکی مسائل حل کرسکیں۔دہشت گردی کے خاتمہ ،توانائی بحران کے حل ،غریبوں کے لئے رہائشی سکیموں ،کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور قومی مسئلہ قرار دینے ،ڈرون حملوں کو پاکستان کی خود مختاری اور حاکمیت کے خلاف قرار دینے اور دیگر اہم مسائل کو اپنی تقریر میں ذکر کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔وزیر اعظم نے جس عزم کا اظہار کیا ہے اور وہ انشاء اللہ اسے پورا بھی کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدر مرسی کے حامیوں کے خلاف غیر انسانی اور حیوانی رویہ بند کیا جائے ۔سیدمنورحسن
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ مصر کے عوام نے بد ترین فوجی مظالم اور ریاستی جبر وتشدد کے باوجود ہتھیار اٹھانے کے بجائے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے’ اخوان المسلمون اور صدرمحمد مرسی کو جو مینڈیٹ حاصل ہے اس کا احترام کیا جائے ‘ صدر مرسی کے حامیوں کے خلاف غیر انسانی اور حیوانی رویہ بند کیا جائے اورصدر محمد مرسی کو فی الفور بحال کیا جائے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین) کے تحت مزار قائد نمائش چورنگی پر مصر میں عوام کے قتل عام اور جمہوریت پر فوجی شب و خون کے خلاف خواتین کے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی’ امیر کراچی محمد حسین محنتی’ سیکریٹری کراچی نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔مظاہرے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور مصر کی خواتین سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مظالم بند کرنے ‘ صدر محمد مرسی کی حکومت کو بحال کرنے اورجنرل سیسی کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔سید منورحسن نے کہاکہ مصر کی سنگین صورتحال عالم اسلام کا ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے جس پر ترکی نے جرات مندانہ موقف اختیارکرتے ہوئے جنرل سیسی کی فوجی بغاوت کو تسلیم کرنے سے انکارکردیا ہے ۔ ایران نے بھی او آئی سی کا اجلاس بلانے کی بات کی ہے اور حکومت پاکستان نے بھی ایک بوسیدہ سا بیان دیا ہے لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کھل کر بیان دیں ‘ صدر محمد مرسی کی حکومت کی بحالی کا باضابطہ مطالبہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ امریکا ‘مغرب اورمصر کے فوجی حکمرانوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جبر وتشدد اور قوت کے بل پر مصر کے عوام کی جمہوری جدوجہد اور صدر مرسی کے حق میں جاری لہر کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ محمد مرسی کو صدر بنے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا لیکن اس ایک سال میں جتنی تبدیلی لائی جانی ممکن تھی اس سے زیادہ تبدیلی لائی گئی۔ مصر کے عوام نے اخوان اورمحمد مرسی کے ساتھ چلنے کا برملا اعلان کیا ہے’ اخوان کی قیادت کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ‘ 2 سال میں اخوان نے 5 مرتبہ عوام سے ووٹ حاصل کیا ہے اور عوام کی تائید سمیٹی ہے ‘ مغربی میڈیا کو بھی یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ خود اس نے جمہوریت کے حوالے سے جو معیارات اور پیمانے مقرر کئے ہیں اس کے مطابق صدرمرسی کو حکومت کرنے کا حق ملنا چاہیے اگر اس طریقے سے مینڈیٹ چھیننے کا رواج بڑھتا گیا تو پھر لوگ تشدد کا راستہ اختیار کریں گے ۔ سیدمنورحسن نے پاکستانی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ابتداء میں تو مصر کے حوالے سے عوام کو آگاہی دی گئی لیکن پھر اچانک کیا ہوا کہ مصر میں فوجی بغاوت اور جمہوریت کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کو دبا دیا گیا ۔ مصر میں جس بڑے پیمانے پر فوجی مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور انسانوں کے ساتھ جو غیر انسانی اور حیوانی رویہ رکھا گیا ہے اس کی کھل کر مذمت کی جانی چاہیے ۔ وزیراعظم نوازشریف نے بھی اپنے ایک گھنٹے طویل خطاب میں عالم اسلام کے مسائل بالخصوص مصر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج کے فرعونوں نے مصر میں ایک مرتبہ پھر مظالم کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب آج کا فرعون بھی اپنے انجام سے دوچار ہوگا ۔ شہدا مصر کی جدوجہد آگے بڑھے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈنمارک اورجرمنی نے مصر کی امداد پر پابندی لگا دی ہے لیکن افسوس ان مسلم حکمرانوں پر جنہوں نے مصر کے فوجی آمروں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ مصر کے اندر مردوں اورجوانوں کے شانہ بشانہ خواتین اور بچے بھی قربانیاں دے رہے ہیں آج کراچی کی خواتین نے بھی سڑکوں پر نکل کر مصر کی خواتین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ان کا مطالبہ ہے کہ امریکا اورمغرب دہرے معیارات ترک کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج چنیوٹ کے علاقے ہرسا شیخ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کیمپس میں متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سیلاب زدگان میں گھل مل گئے اور ان سے ہاتھ ملایا۔ متاثرین وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور انہوں نے ”شیر پنجاب زندہ باد، خادم پنجاب زندہ باد” کے نعرے لگائے اور کہا کہ اس علاقے میں اس سے پہلے محمد نواز شریف آئے تھے اور اب ہمارے محبوب قائد محمد شہباز شریف متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے خود یہاں پہنچے ہیں لیکن کسی اور لیڈر نے اس علاقے کا دورہ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یہاں آ کر ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ حکومت کے اقدامات سے ہم بہت جلد دوبارہ اپنے گھروں میں آباد ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین سے خطاب کے دوران میگافون استعمال کیا اور بعد میں متاثرین کے مسائل سننے کیلئے میگافون انہیں دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کوتین ملکی سیریز میں کامیابی پر مبارکباد
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو تین ملکی سیریز میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابی سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ امید ہے کھلاڑی آئندہ بھی محنت اور لگن سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”وزیراعلیٰ کا چنیوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ”
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی سب کاموں سے بڑھ کر عزیز ہے اور خلق خدا کی خدمت ہی میری سیاست ہے اسی لئے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خود دورے کر رہا ہوں تاکہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مشکلات کا فی الفور ازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ آزمائش کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں۔ آپ کے اس خادم نے کل بھی عوام کا ساتھ دیا تھا اور آج بھی مشکل کی گھڑی میں وہ سیلاب زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ صوبے میں جہاں بھی سیلاب آیا ہے وہاں پر خود جا کر صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں اور امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ جب تک سیلاب کا پانی متاثرہ علاقوں سے واپس نہیں جاتا اور متاثرہ افراد اپنے اپنے گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج چنیوٹ کے علاقے ہرسا شیخ کے قریب حفاظتی بند کے معائنے، سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے اور سیلاب زدگان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی غلام محمد لالی، امتیاز لالی، الیاس چنیوٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشیں اور سیلاب ایک چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مؤثر اور بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان، راشن، خیمے، ادویات، منرل واٹر اور کمبل ترجیحی بنیادوں پر مہیا کے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اور صوبائی وزراء روزانہ کی بنیاد پر سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ نہ صرف سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جاسکے بلکہ متاثرین کی فوری بحالی کیلئے اقدامات بھی اٹھائے جاسکیں۔ سیلاب سے فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے جامع سروے شروع کردیا گیا ہے جس کی روشنی میں متاثرین کے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضہ ادا کیا جاے گا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ترجیحی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں اور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرکے دین و دنیا سنواریں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی پہلی ترجیح ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی سیلاب زدگان کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلی ٰنے کہا کہ متاثرین کو امدادی کیمپوں میں خوراک، اشیائے ضروریہ اور منرل واٹر فراہم کیا جا رہا ہے اور ہر متاثرہ خاندان تک امدادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ امدادی کیمپوں میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور ادویات کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ علاقے سے نکاسی آب کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی فی الفور شروع کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دریائے چناب پر حفاظتی بند کو مزید اونچا اور مضبوط بنایا جائے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ جب چنیوٹ کے علاقے ہرسا شیخ پہنچے تو ڈی سی او نے وزیراعلیٰ کو امدادی کاموں اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ 142 گائوں متاثر ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور امدادی اشیاء کے معیار کو چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل سننے کے ساتھ امدادی کاموں اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور میں سب سے بڑی مالیت کی خونی ڈکیتی پر ق لیگ کا توجہ دلائو نوٹس جمع
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ پنجاب نے لاہور میں 5 کلو سونا لوٹنے والے ڈاکوئوں کو طرف سے مزاحمت پر تاجر کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا ، نوٹس ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے جمع کروایا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجودہ دور حکومت میں یہ سب سے بڑی مالیت کی خونی ڈکیتی ہے جس کی مالیت 3 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے ، حیرانی ہے لاہور کے مصروف ترین علاقہ گوالمنڈی سے ڈاکوئوں نے دن دہاڑے سونے کے تاجروں کو اغواء کیا ، اور مناواں لے جاکر ایک تاجر کو گولیاں مار کر قتل اور دوسرے کوزخمی کردیا ، انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص تاجر شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر واردات پر پہنچنے میں ناکام رہتی ہے ، گزشتہ روز کے واقعہ میں بھی متعلقہ تھانہ ایک گھنٹہ تک لاعلم رہا ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجروں کو تحفظ فراہم کرے اور لاہور کو علاقہ غیر بننے سے روکا جائے اور حکومت جواب دے کہ اربوں روپے کا سالانہ بجٹ لینے والی پولیس کا رسپانس اتنا سست کیوں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ اگر چوہدری پرویز الہٰی کی قائم کی گئی ریسکیو1122 کے اہلکار 10 سے 15 منٹ کے اندر اندر حادثہ کے مقام پر پہنچتے ہیں تو پولیس کئی کئی گھنٹے مجرمانہ واردات سے لاعلم کیوں رہتی ہے ؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیر عوام پر جھپٹ رہا ہے ، عہدیدار ق لیگ پنجاب
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ پنجاب کے عہدیدار وں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل ، سیکرٹری اطلاعات پنجاب سیمل کامران ، رانا محمد ریاض ، لائیرزونگ پنجاب کے صدر عالمگیر ایڈووکیٹ نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو عوام کے ساتھ ظلم قرار دیتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ آٹا ، پٹرول ، بجلی ، گیس مہنگی کرنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ،راہنمائوں نے مسلم لیگ ہائوس میں ناصر محمود گل کی زیر صدارت منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کہا کہ شیر عوام پر جھپٹ رہا ہے ، وزیر اعظم نے خطاب میں ہر چیز کا ذکر کیا مگر اپنی حکومت کی 2 ماہ کی کارکردگی کا ذکر نہیں کیا ،جس میں عوام کی کھال اتار دی گئی یوتھ ونگ کے راہنما حاجی محمد شکیل ، ایم ایس ایف کے صدر سہیل چیمہ ، محمد نعیم ، فیاض بھٹی ، نصیر آرائیں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں اضافہ ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد بجلی ، گیس کے نرخوں میں اضافہ سے مہنگائی کا ایسا طوفان آئے گا کہ غریب کے پاس خود کشی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا ، راہنمائوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی راہنما چوہدری شجاعت حسین کا کہنا سو فیصد درست ہے کہ موجودہ حکمران صلاحیت سے محروم ہیں یہ چاہنے کے باوجود عوام کا کوئی بھلا نہیں کرسکیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ کی تنظیم نو ، قیادت نے خالی عہدے پر کرنے کی ہدایت کردی
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ کی قیادت کی ہدایت پر تنظیم نو اور خالی عہدے پر کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی راہنما چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایت پر ایم پی اے سردار وقاص حسن موکل کو نائب صدر پنجاب ، سابق رکن صوبائی اسمبلی سیمل کامران کو قائم مقام سیکرٹری اطلاعات پنجاب ، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سامیہ امجد کو ڈاکٹرز ونگ پنجاب کا صدر ، ناصر رمضان گجر کو سیکرٹری اطلاعات لاہور ، چوہدری اکمل وڑائچ کو جوائینٹ سیکرٹری پنجاب ، چوہدری محمد عنایت سرا کو ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ کا جنرل سیکرٹری عباد بلوچ بھٹی کو مینارٹی ونگ پنجاب کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے ، جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری ظہیر الدین خاں نے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل نے نئے عہدیداروں کو ان کے تقرر پر مبارکباد دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت کا بلدیاتی نظام آئین اور عوامی امنگوں کے خلاف ہے:قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی نظام آئین اور عوامی امنگوں کے خلاف ہے ، پنجاب حکومت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بجائے تمام اختیارات سی ایم سیکرٹریٹ میں رکھنا چاہتی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیںپیپلز پارٹی بلدیاتی نظام کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کرے گی، بلدیاتی نظام کا بل آئین کے آرٹیکل 140۔ اے کی خلاف وزری ہے کیونکہ اس بل میں بلدیاتی اداروں کو انتظامی، مالی اور سیاسی امور چلانے کیلئے کوئی اختیارات نہیں دئیے جارہے۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے وجود میں آنے والے ادارورں کو کسی بھی صورت مقامی گورنمنٹ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ گورنمنٹ اسے کہا جاتا ہے جس کے پاس کچھ اختیارات ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے میثاق جمہوریت میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا وعدہ کیا لیکن اب خود ہی اس وعدے کی نفی کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام آباد میںوفاقی حکومت نے جلسہ کی اجازت نہ دیکر ثابت کیاہے کہ وہ تحریک انصاف سے خوف زد ہ ہیں:فضہ ذیشان
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان،فائزہ خان ،کرن سیف ، نے کہا ہے کہ اسلام آباد میںتحریک انصاف کو وفاقی حکومت نے جلسہ کی اجازت نہ دیکریہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف سے کس حد تک خوف میں مبتلا ہے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں سہی معنوں میں تبدیلی لانے والے جیالوں کی تعداد میں جس طرح اضافہ ہو رہا ہے اُ س سے خاندانی سیاست کو فروغ دینے والوں کی راتوں کی نیندیں اُڑ گئی ہیں اور تبدیلی کے سفر کا باقاعدہ آغاز ہو چُکا ہے انہوں نے کہا کہ قائد تحریک عمران خان نے پاکستان کی عوام کی مسائل کو دیکھتے ہوئے سیاست میں قدم رکھا تھا اور تبدیلی کا سفر اپنے خاندان کے ساتھ نہیں بلکہ عام عوام کے ساتھ شر وع کیا جس کو لیکر تبدیلی ملک میں آ گئی ہے اور اب خاندانی سیاست دانوں کو کوئی باری نہیں ملے گی اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور غر یب عوام کو اُن کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم نے قوم سے خطاب نہیں کیا بلکہ ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کی کوشش کی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب نہیں کیا بلکہ ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کی کوشش کی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر منظور نہیں، غیرجماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کیخلاف عدالت میں جائینگے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر کے حکومت عوام کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کر رہی ہے، حکومت کی نااہلی اور بجلی چوری کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، ملک میں مہنگائی دیکھ کر لگتا ہے کوئی تبدیلی نہیں آئی دو جماعتیں بار بارآزمائی گئی ہیں اور تبدیلی نہیں لاسکیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر منظور نہیں کیونکہ ملک میں 1985ء میں غیرجماعتی انتخابات کے نتیجے میں ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا، خریدوفروخت کی سیاست شروع ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔حکمران سوچی سمجھی سازش کے تحت بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے بہانے ڈھونڈرہے ہیں۔ہم وزیر اعظم کے غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کروانے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کہیں جماعتی اور کہیں غیر جماعتی کرائے جانے کے اعلانات سے ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔صوبائی اسمبلی میں پیش ہونے والا بل نمائشی ہے جو آئین کے آرٹیکل(A)140کی روح کے خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لے گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے عجلت میں کیے گئے فیصلے عوام کے لئے نقصان دہ ہوں گے۔مشرف دور کے بلدیاتی نظام کو خامیاں دور کرکے بحال کیاجائے۔یہ المیہ ہے کہ فوجی حکمران جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے بلدیاتی انتخابات کروائے جبکہ جمہوری حکمران ان سے بھاگتے ہی رہے ہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے میں سیلاب کے باعث عربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے لوگوں کو ریلیف پہنچانے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ ملنے والی امداد کی شفاف ترسیل کو یقینی بنائیں۔ہر طرف قیامت صغریٰ کا منظر ہے۔جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے سیلا زدگان کی ہر ممکن مددکررہی ہے۔قوم مشکل زدہ بہن بھائیوں کے لئے دل کھول کر مددکرے۔ناقص حکمت عملی کی وجہ سے متاثرہ اضلاع میں لاقانونیت پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بارشوں کے باعث لاہور کی80فیصد سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔شمالی لاہور،پیکوروڈ،چونگی امر سدھو سمیت دیگر اہم شاہراہیں ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جن سے خزانے کو2ارب روپے کا بھاری نقصان ہوا ہے۔تحقیقات کرواتے ہوئے ذمہ داران کو قرار واقعی سزادی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوامی تعاون کے بغیر ڈینگی خاتمہ کی مہم کامیاب نہیں ہوگی،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ عوامی شمولیت اور تعاون کے بغیر ڈنیگی خاتمہ کی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی ، سرکاری ادارے اپنی نالائقی اور کوتاہی چھپانے کے لیے صنعتکاروں ، تاجروں کو ہراساں کر رہے ہیں، چھاپے،انڈسٹریز کو سیل کرنا اور مقدمات کے اندراج کا سلسلہ بند کیا جائے اور ڈینگی وائرس کی آڑ میں صنعتکاروں کو ہراساں کرنا بند کیا جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ میں مختلف انڈسٹریز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ چھاپے مارنا ،مقدمات درج کروانا اور صنعتکاروں کوہراساں کرنا مسئلہ کا حل نہیں، صنعتکار اور تاجرڈینگی وائرس کے خاتمے کے حق میں ہیں اورحکومت کی جانب سے شروع کی گئی مہم میں ہرقسم کے ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں اس سلسلہ میں ڈینگی وائرس کی آڑ میں انڈسٹریز کے خلاف مہم فوری طور پر بند کی جائے ،ضلعی حکومت ،محکمہ صحت، محکمہ ماحولیات ،ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن اورصنعتکارتنظیموں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جائیںجو انڈسٹریز کا دورہ کرکے ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے سپرے کریں اورڈینگی مہم کے خاتمہ کیلئے تربیتی پروگرام مرتب کریں۔ تاکہ ڈینگی جیسے مہلک مرض کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسداد ڈینگی کیلئے جنون سے کام کرنیکی ضرورت ہے:ملک احسان گنجیال
لاہور(جی پی آئی)ڈینگی بخار قابل علاج مرض ہے۔اس سے بے جا خوف زدہ ہو نے کی ضرورت نہیں۔ہمیں چاہئے کہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور گلی محلوں سمیت تمام جگہوں سے ٹھہرے ہو ئے پانی اور گندگی کا صفایا کر کے اس مشن کو کامیاب بنائیںڈینگی کیخلاف جدوجہد ایک مسلسل عمل ہے اور شہریوں کو ڈینگی آفت سے بچانے کیلئے پنجاب حکومت دن رات ایک کر ے گی اور برسات کے موسم کے گزر جانے تک بھر پور انداز میں انسداد ڈینگی مہم جاری رکھا جا ئے گاان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرڈینگی کے انسداد کی آگہی کیلئے”قدم بڑھاؤ ،ڈینگی مکاؤ ”مہم کے سلسلہ میں انجمن تاجران بینک سٹاپ کے صد لیگی رہنما ر ڈاکٹر ندیم اشرف ڈاکٹر طارق محمود گجراتی ۔ ڈاکٹر ارشد میو ، لیگی رہنما ماہر قانون اعجاز وارثی ایڈووکیٹ ، قائد ملت ویلفیئر سوسائٹی اتحاد پارک کے صدر و لیگی رہنما محمد سلیم رضا ، سماجی و لیگی رہنما فریاد گجر ،دیگر کے ساتھ شاپ ٹو شاپ ڈینگی بچائو کے سلسلہ میں دوکانداروں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیافرسٹ ایڈ جنرل پریکٹیشنر ز پنجاب کے صدر لیگی رہنما ڈاکٹر ندیم اشرف نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے احکامات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں ڈینگی کی افرائش کے ممکنہ مقامات کی چیکنگ کے عمل تیر کر دیا گیا ہے کیونکہ لاوا تلف کرنا ہی ڈینگی مچھروں سے محفوظ رہنے کا موثر ترین طریقہ ہے اس موقع پر تاجر برادری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرڈینگی کے انسداد کی آگہی کیلئے”قدم بڑھاؤ ،ڈینگی مکاؤ ”مہم کامیاب بنانے اور ہر ممکن تعادن کا یقین دہانی کرائی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب فہمیدہ مشتاق کل انسداد ڈینگی کے سیمینار میں شرکت کرینگی
لاہور(جی پی آئی) سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب فہمیدہ مشتاق کل 21اگست 2013 ء بروز بدھ 11بجے دن محکمہ سوشل ویلفیئر کے ادارے صنعت زار، 22کشمیر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں انسداد ڈینگی کے موضوع پر ایک سیمینار میں مہمان خصوصی ہوں گیـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبے کے تمام دریا ، ندی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں : ندیم اشرف
لاہور(جی پی آئی)ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے کہاہے کہ صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 1956افراد پی ڈی ایم اے کی طرف سے لگائے گئے 56 ریلیف کیمپوں میںقیام پذیر جنہیں انتظامیہ تینوں وقت کا کھانا اور اشیا ء ضروریہ باقاعدگی سے فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ سے سیلابی کیفیات ختم ہونے کے بعد مکمل نقصانات بارے سروے کرائے جائے گا جبکہ دریائوں ،ندی،نالوں اور ان کے کناروںپر غیر قانونی آبادی افرادکووہاں سے نہ نکالنے اور انہیں غیر قانونی طور پر رہائش رکھنے پر انتظامیہ سے اس بارے رپورٹ طلب کی جائے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے آج امدادی سرگرمیوں کے جائزہ بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم ، ڈائریکٹر آپریشن، ریلیف کوآرڈینیٹر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ریلیف کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گزشتہ روز پنجاب کے پانچ اضلاع راجن پور، ڈی جی خان، نارووال ،شیخوپورہ، میانوالی اور سیالکوٹ کے سیلاب متاثرین کو21702خیمے، فوڈ ہیمپر83300، 790500 کلو چاول ، 450000کلوآٹا،190500 منرل واٹر کی بوتلیں ،8000مچھر دانیاں، 25عدد ڈی واٹرنگ سیٹ ،26فائبر کشتیاں، 100لائف جیکٹس، 2942کارٹن کجھوریں اور6000 کمبلبجھوائے جاچکے ہیںجبکہ مظفر گڑھ، قصور، جھنگ، چینوٹ، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ ، لیہ، ملتان، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ اور حافظ آباد اضلاع کو بھی امدادی سامان روانہ کیا گیاـ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام دریا ، ندی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور سیلابی کیفیات کا زور ٹوٹ چکا ہےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کی مدد سے سروے کروائے گی:جاوید اسلم
لاہور (جی پی آئی)چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اسلم نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا صحیح اندازہ لگانے کے لئے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کی مدد سے سروے کروائے گی۔یہ بات انہوں نے آج یہاں سیلاب انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف’ سیکرٹری صحت حسن اقبال’ سیکرٹری ہائیرایجوکیشن فرحان عزیز خواجہ’ سیکرٹری سکولز عبدالجبارشاہین’ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جواد رفیق ملک اور سیکرٹری اطلاعات مومن آغا کے علاوہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے افسران نے بھی شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام پی ڈی ایم اے کے تعاون سے سیلاب زدہ علاقوں کا جیوگرافیکل ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکوت پنجاب سیلاب متاثرین کی مدد اور ریلیف کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور آئندہ دنوں میں بارشیں کم ہونے کی توقع ہے۔ چیف سیکرٹری نے پی ڈی ایم اے کے افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔چیف سیکرٹری کو مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سانپ کاٹے کے صرف 59 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملیریا اور سانپ کاٹے سے بچائو کے لئے ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلعی حکومت اور محکمہ صحت مشترکہ طور پر سیلاب متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں الجھائے رکھا:علامہ ناصر جعفری
لاہور( جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم نواز شریف کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں الجھائے رکھا اور قوم کے سامنے کوئی پائیدار حکومتی پالیسی نہیں رکھی۔ حکومت کی طرف سے دہشتگردی، بجلی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ارادے کا اظہار کیا گیا مگر اس کا کوئی فریم ورک قوم کے سامنے نہیں رکھا گیا۔ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر پائیدار امن کی باتیں خام خیالی ہیں، جب تک جزا و سزا کے قانوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، ملک میں دہشت گرد دھندناتے پھریں گے۔ انہوں نے نواز شریف کے مذاکرات کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کے خطاب نے ثابت کر دیا ہے کہ انہیں جس چیز کا مینڈیٹ دیا گیا ہے وہ اس پر من و عن عمل پیرا ہیں۔ کیا دہشت گردوں اور قوم کے قاتلوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔؟ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قوم کو بتایا جاتا کہ اتنے عرصے میں اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو دہشتگردوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کردیا جائیگا، لیکن ایسی کوئی بات نہیں کی گئی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ توانائی بحران پر جتنے دعوے کیے گئے اس میں یہ بحران حل ہوتا دکھائی نہیں دیتا، وزیراعظم نواز شریف نے نصف گھنٹے کے خطاب میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات نہ کرکے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے امریکی دبا کو قبول کرلیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ اس منصوبے پر عمل کرکے ملک کو توانائی بحران سے مختصر مدت میں نجات دلائی جاسکتی ہے، لیکن نواز شریف نے اپنے دوستوں کے دباو میں آکر اس معاشی شہ رگ منصوبے کو نظر انداز کرکے مسائل کے حل میں اپنی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بلوچستان میں جاری کشت و خون کو روکنے کے لیے اپنی حکومت کے اڑھائی ماہ کے اقدامات سے قوم کو آگاہ کرتے۔ نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ فقط ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کی نشاندہی نہ کرتے بلکہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے عملی اقدامات سے آگاہ کرتے اور قوم کو بتاتے کہ انہوں نے آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک شہید ہونے والے محب وطن شہدا کے لواحقین کی اشک شوئی کیلئے بھی کچھ نہیں کیا گیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی طرف سے ملک کی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنے اور اسے ازسر نو تشکیل دینے کا اظہار تو کیا گیا مگر بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے سدباب کی بات نہیں کی گئی۔ کشمیر کو پاکستان کی
شہ رگ بھی قرا ر دینا اور جس خونخوار بھیڑے نے اس کو دبوچ رکھا ہے اس سے یکطرفہ مذاکرات کی بات دو متضاد چیزیں ہیں۔ قوم نے میاں صاحب کو بھارت کی بالادستی قبول کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیا۔ وزیراعظم نے قومی مسائل پر بحث کی لیکن ان کا حل پیش نہیں کیا، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم نے گوادر سے کاشغر تک شاہراہ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا، تاہم انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو منسوخ کیا گیا تو عوام اپنی طاقت سے اس منصوبے پر عمل کرائیں گے اور نواز حکومت کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی زور و شور سے انتخابی مہم چلا رہی ہے:عابد حسین صدیقی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی زور و شور سے انتخابی مہم چلا رہی ہے اور ضمنی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی دو ماہ کی کارکردگی سے عوام بیزار ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب کے دوران عوام کو ریلیف دینے کی کوئی بات نہیں کی بالکہ دوسری طرف بجلی نرخوں میں اضافہ کر کے ایک اور بجلی بم گرا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوام پر بجلی گیس کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ مسلط کر کے اور ظالمانہ ٹیکسیشن کے ذریعے ملک کی بنیادیں مضبوط نہیں کر رہے بلکہ عوام کیا استحصال کر رہے ہیںوزیراعظم کی تقریر سے عوام کو شدید مایوسی ہوئی، حکومت لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے میں ناکام ہوگئی۔ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر قوم سخت مایوس ہوچکی ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب کے ذریعے ووٹرز کو دوبارہ نیا دھوکا دینے کی ناکام کوشش کی ہے۔ وزیراعظم کا ضمنی الیکشن سے چند روز پہلے قوم سے خطاب انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے قوم سے خطاب میں جھوٹی تسلیوں اور نعروں کے علاوہ کچھ بھی نہیں دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمرانوں کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو ملک و قوم کیلیے زہر قاتل ہے:اعجاز درانی
کراچی (جی پی آئی)بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے مسلم لیگ ن کے حکمرانوں کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ہفتہ وار اور ماہانہ اضافے کو ملک و قوم کے لیے زہر قاتل قرار دیا ہے۔ ن لیگ کے قائدین اپنے کاروباری مفادات کے لیے پاکستان کو “نیلام گھر” بنانے کی سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔ جس کی خاطر انہوں نے پاکستان کو منی بجٹوں کا جمعہ بازار بنادیا ہے۔ شریف برادران نے پہلے اپنے کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے بدنام زمانہ سیف الرحمان کو فرنٹ مین بنایا اور اب وہ ایک اور بدنام زمانہ “ٹرپل ایم” (Triple M) کے ذریعے “پاکستان برائے فروخت” کے راستے پر گامزن ہیں۔ اعجاز درانی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے بجلی کا بحران پیدا کر کے ملک کو اندھیروں میں غرق کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ جس کی حقیقت وزیر اعظم نواز شریف نے خود قوم سے اپنے پہلے خطاب میں واضح کردی جس میں انہوں نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے نہیں بلکہ ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر سیلاب زدگان سے خطاب کر کے خود اپنی حقیقت عوام کے سامنے عیاں کردی۔ ترجمان نے کہا کہ تین ماہ کے دوران شریف برادران نے کبھی ڈیرہ غازی خان میں سینکڑوں قیدیوں کو بھگوا کر مگر مچھ کے آنسو بہائے اور کبھی شاہراہ دستور پر کبھی سکندر کو مقدر اور کبھی مقدر کو سکندر بنا کر پاکستان کے حساس اداروں کی تذلیل کی۔ اعجاز درانی نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد در حقیقت تین مرتبہ بجلی نرخوں میں کمر توڑ اضافہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی جمہوری حکوت میں گھریلو صارفین کو بجلی کی مد میں 6 روپے فی یونٹ جبکہ نواز حکومت کے فیصلوں کے مطابق اب گھریلو صارفین کو 12 روپے فی یونٹ ادا کرہے ہیں۔ جمہوری حکومت میں تجارتی صارفین 11 روپے فی یونٹ ادا کررہے تھے لیکن اب وہ 20 روپے فی یونٹ ادا کررہے ہیں۔ دوسری جانب صنعتی صارفین پہلے 6 روپے فی یونٹ ادا کررہے تھے لیکن اب وہ 11 روپے فی یونٹ ادا کررہے ہیں۔ اعجاز درانی نے قوم اور بالخصوص تاجر برادری کو پیشگی آگاہ کیا کہ موجودہ حکومت کے عوام دشمن
ایجنڈے کی روشنی میں اکتوبر کے مہینیسے گھریلو صارفین کو 14 روپے فی یونٹ، تجارتی صارفین کو 23 روپے فی یونٹ جبکہ صنعتی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ادا کرنے پڑیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی نے بلدیاتی نظام کو مسترد کردیا :محمدحسین محنتی
کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے صوبائی حکومت کی طرف سے نئے بلدیاتی نظام کو مسترد کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کو لانے کیلئے جماعت اسلامی سے کوئی مشاورت نہیں کی اور نیا تنازع کھڑا کر دیا گیا ہے ۔ یہ بات امیر جماعت اسلامی کراچی محمدحسین محنتی کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکر یٹری نسیم صدیقی ‘ نائب امراء برجیس احمد ‘ راجہ عارف سلطان ‘ ڈاکٹر واسع شاکر ‘ نصراللہ خان شجیع ‘ حافظ نعیم الرحمن’ اسٹنٹ سیکر یٹری مسلم پرویز ‘ علی محمد اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس بلدیاتی نظام میں اختیارات دوبارہ صوبائی حکومت کو دیئے جارہے ہیں ۔د نیا بھر میں یہ ہوتا ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جا تے ہیں لیکن یہاں اس کے برعکس کیا جارہا ہے ۔ جبکہ دوسری طرف کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کے بی سی اے کو بلدیات سے لیکر صوبے کے حوالے کیا جارہا ہے پچھلے نظام میں تعلیم ‘ صحت اور ماسٹر پلان وغیر ہ بلدیاتی امور میں تھے لیکن اب یہ سارے ترقیاتی کام اور اس کے علاوہ انڈر پاس اور فلائی اوور کی تعمیر وغیر ہ صوبائی حکومت کو دی جا رہی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت کا یہ بیان کہ اس نظام پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی خلاف واقع ہے ‘جماعت اسلامی کا کراچی میں دو مرتبہ میئر اور ایک مرتبہ سٹی ناظم منتخب ہو ا لیکن اس نئے نظام کے حوالے سے جماعت اسلامی سے کوئی مشاورت نہیںکی گئی ۔ نئے بلدیاتی نظام میں تمام اختیار ات سلب کر کے صوبے کو دے گئے ہیں اور بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرنے کی
سازش کی گئی ہے۔