اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد بلیو ایریا واقعہ کے مرکزی ملزم سکندر کو اسلحہ دینے والے ملزم اختر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے پرچہ ریمانڈ میں ملزم اختر کے تین روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ پولیس نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ کیس انتہائی اہم نوعیت کا ہے۔
ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری ابھی باقی ہے اور کچھ اہم ثبوت بھی حاصل کرنے ہیں۔ ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزم اختر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے چند روز قبل اختر کو پسرور سے گرفتار کیا تھا۔ آج صبح ملزم اختر کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس وقت سپیشل پبلک پراسیکیوٹر سید محمد طیب کسی دوسری عدالت میں پیش ہونے کے لئے چلے گئے جس کے باعث ملزم کے ریمانڈ کے حوالے سے سماعت دو گھنٹے ملتوی رہی تھی۔