پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا میں کل ہونے والے ضمنی انتخابات کے عمل میں مدد فراہم کرنے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ فوج کے دستوں نے این اے ون پشاور کے پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی مواد پہنچانا شروع کردیا ہے۔ پشاور میں پولنگ اسٹیشنز پر ڈھائی ہزار پولیس اہل کاربھی تعینات کئے جارہے ہیں۔صوبے میں کل ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابی عمل میں مدد فراہم کرنے کے لئے فوج کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ فوج کے دستوں نے پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی مواد پہنچانے کا کام شروع کردیا ہے۔
پولیس کی نفری بھی مختلف پولیس اسٹیشنز پر تعینات کر دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی پشاور اسماعیل خان نے ذرائع کو بتایا کہ این اے ون پشاور کے 18 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دے دیئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنزپر ڈھائی ہزار پولیس اہل کار تعینات کئے جارہے ہیں جبکہ خواتین پولنگ اسٹیشنز پر 400 خواتین پولیس اہل کار تعینات ہوں گی۔ ایس پی سٹی پشاور نے بتایا کہ خواتین پولنگ اسٹیشز پر سیکورٹی کے لئے ایل ایچ ویز کی بھی مددبھی لی جا رہی ہے۔