بارش اور سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچا رکھی ہے

Flood

Flood

بارش اور سیلاب نے پنجاب میں تباہی مچا رکھی ہے۔ راوی ستلج اور چناب سے نکلتے منہ زور پانی نے کئی دیہات پانی میں غرق کر دیئے۔ فصلیں تباہ اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

پنجاب میں راوی چناب اور ستلج سے نکلتے سیلابی ریلوں نے کئی دیہات اپنی زد میں لے رکھا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے صحرا کا منظر پیش کرتے دریا اب پانی سے کھچا کھچ بھر گئے ہیں اور دریا کنارے آبادیوں کے لئے خطرے کا باعث بھی بن گئے ہیں۔

ساہیوال میں دریائے راوی میں اونچے درجے کے سیلاب نے کئی دیہات اور ہزاروں ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ احمد پور سیال کی بستی بہلول میں سیلابی پانی نے بستی کے مکینوں کو اپنے مکان چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔ پانی کی سطح بلند ہوئی تو مساجد سے اعلانات کئے گئے اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

دوسری جانب دریائے چناب کی بپھرتی موجوں نے بھی کئی علاقوں میں تباہی مچا رکھی ہے۔ کئی دیہات پانی کی نظر اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں جبکہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ادھر ایک جانب بھارت سرحدوں پر بارود برسا رہا ہے تو دوسری جانب دریاں میں بے دریغ پانی چھوڑ رہا ہے۔

حویلی لکھا میں دریائے ستلج میں بھارت کی طرف سے آنے والا ایک لاکھ سترہ ہزار کیوسک کا ریلا کئی دیہات غرق کرتا ہیڈ سلیمانکی پہنچ گیا۔ دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ جس سے ارگرد کے علاقوں میں مزید تباہی آسکتی ہے۔