لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ضمنی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز اور پولنگ کا سامان پاک فوج کی زیر نگرانی میں پریذائڈنگ افسران کو فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بہتر انتظامات نہ ہونے سے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں ایک قومی اور تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کل ہوگا۔
جس کے لیے سیشن کورٹ میں پریذائیڈنگ افسران کو بیلٹ باکس، بیلٹ پیپرز، سٹیشنری اور دیگر سامان سمیت سٹاف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر سیشن کورٹ میں پاک فوج کے دستے تعینات کرکے سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دئیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پولنگ سٹاف کی ڈیوٹی دور دراز علاقوں میں لگانے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خواتین سٹاف کا کہنا ہے کہ انہیں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی مہیا نہیں کی جا رہی ہے۔