لاہور (جیوڈیسک) لاہور پاکستانی فلم ”زندہ بھاگ” نے ریلیز سے پہلے ہی 4 ایوارڈز جیت لیے ہیں۔ پاکستانی فلم ”زندہ بھاگ” نے ریلیز سے پہلے ہی دنیا بھر میں نام کما لیا ہے۔ بہترین میوزک اور بہترین فلم سمیت چار ایوارڈز دامن میں سمیٹ لیے۔ ٹورنٹو میں سجی سائوتھ ایشین فلم فیسٹول کی رنگا رنگ تقریب میں سبھی فلمی ستاروں نے شرکت کی۔
اس تقریب میں پاکستانی فلم ”زندہ بھاگ” کو چار ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان میں بہترین میوزک کا ایوارڈ ساحر علی بگا کو، معاون اداکارہ کا ایوارڈ آمنہ الیاس اور نغمہ بیگم جبکہ بہترین فلم کا ایوارڈ بھی زندہ بھاگ کو دیا گیا۔ فلم میں ابرارالحق، راحت فتح علی خان اور عارف لوہار نے آواز کا جادو جگایا ہے۔
زندہ بھاگ پاکستان کی وہ فلم ہے جس میں بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھی نظر آئیں گے۔ یہ فلم چھ ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جسے پاکستانی فلم نگری میں خوشگوار اضافے قرار دیا جا رہا ہے۔