خیبر ایجنسی میں کھیل کے میدان آباد

Khyber Agency Sports

Khyber Agency Sports

خیبر ایجنسی (جوڈیسک) ہر وقت دھماکوں اور فائرنگ کی گونج سے لرزنے والے علاقے خیبر ایجنسی میں فٹبال کے دیوانوں نے کھیل کے میدان آباد کر دیے۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں تیسرا گورنر خیبر پختونحوا فٹبال لیگ کھیلی جا رہی ہے۔ ایونٹ میں فاٹا کی تمام ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ پشاور کی ٹیم بھی شریک ہے۔ اپنے فیورٹ کھیل فٹبال سے لطف اندوز ہونے کے لیے گرانڈ میں شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود ہوتی ہے۔ کھلاڑی ایونٹ کے انعقاد پر خوش تو ہیں لیکن گرائونڈ کی مخدوش حالت پر شکوہ کناں بھی ہیں۔

سٹیڈیم انتظامیہ کے مطابق خیبر ایجنسی میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے بلند و بانگ دعوے تو کئی بار کئے گئے لیکن ان پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ قبائلی علاقوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن سہولیات کی عدم دستیابی سے بہت سے کھلاڑی گمنامی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ واضع رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فٹ بال کا کھیل انتہائی مقبول ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کرے ۔