لاہور میں نان اور چپاتی کی قیمت میں اضافہ،وزن میں کمی کی بھی شکایات

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں نان 8 روپے کا اور روٹی6 روپے کی ہوگئی، نان روٹی کا وزن بھی انتہائی کم کر دیا گیا ہے، دو روٹیاں کھانے والو کا پیٹ اب چار روٹیاں کھا کر بھی نہیں بھرتا۔ فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ کوٹہ نہ بڑھایا گیا تو گندم اور روٹی کی قیمت مزید بڑھے گی۔ مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، رہی سہی کسر گندم کی بڑھتی قیمتوں نے پوری کر دی۔ نان بائیوں نے آٹا مہنگا ہونے کا جواز بنا کر روٹی ایک روپے جبکہ نان کی قیمت میں دو سے تین روپے کا اضافہ کر دیا۔

اب سادہ روٹی چھ روپے جبکہ نان آٹھ روپے میں ملے گا، لیکن وزن کی کوئی گارنٹی نہیں ایک وقت تھا جب دو روٹیاں ایک آدمی کے لئے کافی تھیں اب وزن کم ہونے کی وجہ سے 4 سے 5 روٹیاں کھانا معمول ہے۔ فلور ملز مالکان نے سرکاری ذخائر سے گندم کا کوٹہ نہ ملنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ کوٹہ جلد جاری نہ کیا تو آٹے کا 20 کلو گرام کا تھیلہ مزید 40 سے 50 روپے مہنگا کرنا پڑے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا ہر گھر کی ضرورت ہے، اس کی قیمت بڑھنے کا براہ راست اثر گھریلو بجٹ پر ہو گا۔ حکومت گندم کی قیمت پرانے نرخوں پر واپس لانے کے لئے فوری اقدامات کرے۔