سندھ کا نیا بلدیاتی نظام 1979ء کا ہی نظام ہے، اسے 2013ء کا نام دینا 21 ویں صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے، نشاط ضیاء قادری

کراچی : شاہ فیصل کالونی میں سیوریج سسٹم کے ابتر صورتحال پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کا برہمی کا اظہار۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے عوام کو سیوریج سسٹم کے حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت۔ سیوریج نظام کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری شاہ فیصل کالونی نمبر5 پہنچ گئے۔

اس موقع پر انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے افسران کو طلب کرکے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہاکہ افسران اپنے دفتروں سے باہر نکل کر عوام کے مسائل کا جائزہ لیںاور اسے بروقت حل کرنے کے لئے اپنے فرائض منصبی کو ادا کریں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اس موقع پر عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حق پرست قیادت عوام کو کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑے گی علاقائی مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ آج ہماری بد قسمتی ہے کہ بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے آج ہمارے پاس 24سالہ پرانا بلدیاتی نظام ہے جسکی بدولت آج ترقی یافتہ کراچی مسائل کے دلدل میں پہنچ چکا ہے انہوں نے کہاکہسندھ کا نیا بلدیاتی نظام 1979ء کا ہی نظام ہے، اسے 2013ء کا نام دینا 21ویں صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے، عوام کو مسائل کے دلدل میں دھکیل کر لڑا ئو اور حکومت کرو کی پالیسی نہیں چلے گی حق پرست قیادت ایسا فعال بلدیاتی نظام کا نفاذ چاہتی ہے جہاں عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کئے جاسکیں۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ شاہ فیصل کالونی کے عوام کو فراہمی و نکاسی آب سمیت تمام تر بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلا ئیں گے اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی کے تمام علاقوں میں صفائی وستھرائی اور فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلایا جائے۔