لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کی 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ چاروں حلقوں میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کا حلقہ 129 وزیراعلی پنجاب شہباز کی چھوڑی ہوئی نشست ہے۔
یہاں مسلم لیگ ن نے شازیہ مبشر اقبال، تحریک انصاف نے منشا سندھو اور پیپلز پارٹی نے اشرف بھٹی کومیدان میں اتاراہے۔صوبائی حلقہ 142، یہ نشست وزیراعلی پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے چھوڑی ہے، یہاں مسلم لیگ ن کے خواجہ سلمان رفیق، تحریک انصاف کے وقار احمداور پیپلز پارٹی کے محمد ادریس مد مقابل ہیں۔
پی پی 161،عام انتخابات میں اس حلقے سے بھی وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کامیاب ہوئے تھے، ضمنی انتخاب میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے چودھری گلزارگجر اورتحریک انصاف کے خالد محمود گجر کے درمیان مقابلہ ہے۔ چوتھا صوبائی اسمبلی کا حلقہ 150 ہے، جہاں سے مسلم لیگ ن کے مہر اشتیاق نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، اب اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے میاں مرغوب احمد، تحریک انصاف کے مہر واجد عظیم اور پیپلز پارٹی کے آصف ناگرہ مدمقابل ہیں۔