پنجاب نعت کونسل کے زیر اہتمام چار مستحق بچیوں کی شادی کی تقریب عید الضحیٰ کے تیسرے دن منعقد ہو گی: شیخ عرفان پرویز

گجرات : پنجاب نعت کونسل کے زیر اہتمام چار مستحق بچیوں کی شادی کی تقریب عید الضحیٰ کے تیسرے دن منعقد ہو گی، صدر پنجاب نعت کونسل شیخ عرفان پرویز نے پنجاب نعت کونسل کے اجلاس کے دوران بتایا کہ موجودہ حالات میں بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا جینا محال ہو چکا ہے۔

کئی ایسی معصوم بچیاں صرف پیسے یا جہیزہ نہ ہونے کی وجہ سے رشتہ ازدواج سے منسلک نہیں ہو سکتی اس لئے پنجاب نعت کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی مستحق بچیوں کی شادی کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کیا جائے، ہمارے پاس 12سے زائد درخواستیں آ چکی ہیں۔

جانچ پڑتال کے بعد صحیح مستحق بچیوں کی شادی کی تقریب منعقد ہو گی، جس میں تمام ممبران پنجاب نعت کونسل کی طرف سے اپنی جیب سے باراتوں کے مہمانوں اور معززین شہر کی تواضع کی جائے گی اور بچیوں کو گھریلو ضروری اشیاء بھی فراہم کی جائینگی۔

تا کہ یہ بچیاں اپنے گھروں میں احسن طریقہ سے زندگی بسر کر سکیں، اجلاس میں عامر چوہدری، مہر عثمان عرف شاری ، سیٹھ ظہیر عباس صراف ، اورنگزیب میر، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، میاں سہیل منیر ،شیخ ریحان عرفان و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔