میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب اعتراضات کا مجموعہ ہے: رانا ناصر محمود

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما رانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب اعتراضات کا مجموعہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو مذاکرات کی پیش کش کی ہے جو آئین پاکستان کی کھلم کھلا مخالفت ہے۔ اسی لئے ہم اِس کی مذمت کرتے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے اراکین و عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رانا ناصرمحمود نے کہا کہ موجودہ حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کی مدت بڑھا کر پانچ سال کردی گئی جوکہ میاں نواز شریف کے قول و فعل میں واضح فرق ہے۔ حکومت نے ابتدائی دو ماہ میں ناکامی کی عظیم الشان داستان رقم کردی ہے۔ نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ ان کی پرانی عادتیں نہیں بدلیں اور ان میں قائدانہ صلاحیت کا فقدان ہے۔