ڈمی ریلیف کیمپوں کا افتتاح کرنے والے آٹے کی قیمتیں کنٹرول کریں سیمل کامران
Posted on August 22, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور: پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے کہا ہے کہ ڈمی ریلیف کیمپوں کے افتتاح میں مصروف حکمران آٹے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں کنٹرول کریں۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صوبہ کے 4 کروڑ سے زائد متوسط اور غریب انتہائی پریشان ہیں۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں ایم ایس ایف کے صدر سہیل چیمہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہی حکمرانوں نے عوام کو 2 روپے میں روٹی دینے کی نوید سنائی تھی اب روٹی 6 روپے اور نان 8 روپے سے بڑھ گیا تو انہوں نے ہمدردی کا بول تک نہیں بولا اور اب بھولے سے بھی سستے تندوروں کا ذکر نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ فلور ملز مالکان خبردار کر رہے ہیں کہ اگر پنجاب حکومت نے سستی گندم فراہم نہ کی تو آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 900 روپے تک پہنچ جائے گا اور تاحال 30 فیصد سے زائد فلورملز بند ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حیثیت سے ہم بھی پنجاب حکومت کو خبردار کر رہے ہیں کہ وہ گندم آٹے کے ممکنہ بحران کو سنجیدگی سے لے اور عوام کو ریلیف دے۔