پشاور (جیوڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے نوشہرہ اور لکی مروت کے ان حلقوں کے نتائج روکنے کا حکم دیدیا جہاں خواتین نے ووٹ نہیں ڈالے، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے والے جرگے کی گرفتاری کی بھی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے نوشہرہ اور لکی مروت میں خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ دوست محمد خان نے این اے 5 نوشہرہ اور این اے 27 لکی مروت کے نتائج روکنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن حلقوں میں خواتین نے ووٹ نہیں ڈالے وہاں ازالے تک ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان نہ کیا جائے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے۔
کہ جن جرگوں نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا ان کے ارکان کو بھی گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے کہ آج ضمنی انتخابات کے لئے ان حلقوں میں پولنگ ہوئی تاہم بعض وجوہات کی بنا پر خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، ذرائع پر خبریں آنے کے بعد چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے نوٹس لیا۔