ایوان صدر سے رخصتی سے پہلے صدر زرادری اور وزیر اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات میں ملکی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری سیاست کے پرانے کھلاڑی ہیں۔ نوے کی دہائی میں ایک دوسرے کی حکومتیں گراتے رہے تو مشرف کے خلاف ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد بنا لیا۔
دو ہزار آٹھ کے الیکشن کے بعد تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مل کر حکومت بھی بنائی لیکن یہ ساتھ زیادہ دیر نہ چل سکا اور میاں نواز شریف نے راہیں جدا کر لیں۔ پانچ سال آصف زرداری حکومت میں رہے اور نواز شریف نے اپوزیشن کی۔ پھر دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں میاں نواز شریف کی قسمت کا تارہ چمکا اور وہ وزیراعظم بن گئے۔
صدارتی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے اپنا امیدوار بھی کامیاب کرا لیا۔ اب 8 ستمبر کو صدر آصف زرداری نے ایوان صدر سے رخصت ہونا ہے۔ ضمنی الیکشن کے روز وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔