پولیس تشدد یا اقدام خودکشی، پولیس حراست میں چوری کا ملزم بلیڈ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا

گجرات: پولیس تشدد یا اقدام خودکشی، پولیس حراست میں چوری کا ملزم بلیڈ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، تفصیلات کے مطابق تھانہ بی ڈویژن کی حوالات میں بند چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم شہباز عرف کاکا بلیڈ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، ایس ایچ او بی ڈویژن چوہدری جاوید گجر کے مطابق ملزم نے خود کشی کرنے کی کوشش کی ہے اور بلیڈ سے خود کو شدید زخمی کر لیا، پولیس اس سلسلہ میں مصروف تفتیش ہے۔

پولیس کو علاقہ کے رہائشی سید بشیر حسین شاہ نے درخواست دی کہ ملزم شہباز عرف کاکا نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے مکان کی چھت جس کی مالیت ایک لاکھ روپے سے زائد ہے اس سامان نکال کر بیچ دیا ہے، جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کیااور تفتیش کے دوران ملزم نے حوالات میں خود کو بلیڈ مار کر زخمی کر لیا، جسے فوری طور پر عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جہاں پر ملزم علاج کروانے سے انکاری ہے، دوسری طرف ملزم شہباز کے ورثاء نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام لگایا کہ ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن چوہدری جاوید گجر نے رشوت لیکر ہمارے بھائی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے اور ہمیں تفتیش کیلئے بلایا گیا، مگر الٹا ہمارے آدمی کو ہراساں کیا، ہم پولیس کے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ڈی پی او گجرات سے انصاف کی اپیل کرتے ہیں۔