”مرسی پرفیوم” فروخت کرنے پر اسرائیل کی ناراضگی، دکاندار گرفتار، مصری لیڈر کے نام والی خوشبو گاہکوں کو متوجہ کرنے کیلئے تھی۔ اسرائیلی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک فلسطینی دکاندار کو محض اس لئے گرفتار کر لیا ہے کہ اس نے گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لئے مصر کے معزول صدرمرسی کے نام سے منسوب خوشبو اپنی دکان پر رکھی ہوئی تھی۔ اسلام بولی بادیر نامی 36 سالہ فلسطینی حماس کا رکن بتایا جاتا ہے اور تلکرم میں ایک دکاندار کے طور پر کام کرتا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے یہ اطلاع ملنے پر اس کی دکان پر چھاپہ مارا اور” مرسی پرفیوم” کے نام سے موجود پرفیوم آئٹمز ضبط کر لیں جبکہ دکاندار کو گرفتار کرکے لے گئے۔ دکاندار کے بڑے بھائی کے مطابق اس واقعے کے اگلے روز چھوٹے بھائی نے گاہکوں کی سہولت کے لئے دکان پر یہ لکھ کر آویزاں کر دیا ہے کہ ”ہم معذرت خواہ ہیں کہ اسرائیلی حکام نے مرسی کے نام والا عطر ضبط کر لیا ہے۔
عبدالفتاح کے مطابق اس گھر والوں کو اسرائیلی فورس کے اس چھاپے کی اطلاع ہمسائے دکانداروں سے ملی لیکن ابھی تک حکام نے کوئی اطلاع نہیں کی ہے کہ ہمارے بھائی کو گرفتاری کے بعد کہاں لے جایا گیا ہے۔ مرسی کے نام سے منسوب خوشبو دکان پر رکھنے کی وجہ کے بارے میں دکاندار اسلام بولی کے بڑے بھائی کا موقف تھا یہ ایک کاروباری کوشش تھی کہ اس سے لوگ زیادہ پرفیوم خریدیں گے۔