ڈاکٹر کمیونٹی ملک میں جاری اس جنگل کے قانون کو نہیں چلنے دے گی جس پر کوئی ہر کوئی غیر محفوظ ہے، ڈاکٹر جاوید احمد ریاض

لالہ موسیٰ : ڈاکٹر کمیونٹی ملک میں جاری اس جنگل کے قانون کو نہیں چلنے دے گی جس پر کوئی ہر کوئی غیر محفوظ ہے، اور پولیس جس کا کام لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہوتا ہے وہ اپنے فرائض سے غفلت برت رہی ہے،اور سیاستدانوں کی غلام بن کر رہ گئی ہے، ہماری خاموشی کو کمزور تصور نہ کیا جائے اور ڈاکٹر عطاء الرحمن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے کڑی اور عبرتناک سزا دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت سابق تحصیل ناظم کھاریاں چیف ایگزیکٹو سلطان ہسپتال جی ٹی روڈ پنجن کسانہ ڈاکٹر جاوید احمد ریاض چوہدری نے پی ایم اے ضلع گجرات کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی اکٹھ سے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی متحد و منظم ہے اور اگر انتظامیہ نے چند یوم میں قاتلوں کو گرفتار نہ کیا۔

تو ڈاکٹر ز کمیونٹی راست اقدام اٹھانے پر مجبورہو جائے گی اور ہم لوگ ضلعی انتظامیہ کی بجائے ہائر اتھارٹی سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں، ہم ڈی سی او گجرات، ڈی پی او گجرات سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عطاء الرحمن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔