لاڑکانہ (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھنے سے لاڑکانہ میں کچے کے مزید 20 دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ سندھ اور پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ لاڑکانہ میں نصرت اور عاقل آگانی لوپ بندوں پر پانی کا دباو بڑھ گیا، جس کے بعد کچے کے علاقوں میں مزید 20 دیہات میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ متاثرہ دیہات کے لوگ کھلے آسمان تلے بییارو مددگارامداد کے منتظر ہیں۔دریائے سندھ میں سکھر بیراج پراونچے اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
وزیراعظم نوازشریف آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیں گے۔انھیں امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔ہیڈ تریموں اور ہیڈ سدھنائی سے دریائے چناب میں آنے والا سیلابی ریلا ہیڈ پنجند میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی کے کئی دیہات متاثر ہیں۔
کوٹ مٹھن اور روجھان کے علاقے دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے حفاظتی بندوں کے ٹوٹنے کا خطرہ پیداہوگیا ہے۔ راجن پور کی متاثرہ 3 یونین کونسلوں میں سیلاب کے آلودہ پانی سے جلدی اور پیٹ کے امراض میں سب سے زیادہ بچے متاثر ہیں۔