لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے کینٹ میں پولیس حراست سے بھاگنے والا ڈاکو رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ اشتہاری ملزم عتیق کیسرکی قیمت پانچ لاکھ روپے مقرر تھی۔ پولیس کے مطابق اشتہاری ملزم عتیق کو جمعے کی صبح کینٹ کچہری لے جانے والی پولیس وین پراس کے ساتھیوں نے سرور روڈ پر فائرنگ کی اور ملزم کو چھڑا کر اپنے ساتھ لے گئے۔
مخبری پر پولیس نے رات گئے سبزہ زار کے ایک مکان پر چھاپامارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی،پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم عتیق ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ڈکیتی کی وارداتوں میں کئی تھانوں کو مطلوب تھا۔ اس نے 2004 میں پولیس مقابلے کے دوران ایک کانسٹیبل کو شہید کر دیا تھا۔