بھکر میں تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی، علاقے میں کرفیو جاری

Bhakkar

Bhakkar

بھکر (جیوڈیسک) بھکر میں گزشتہ روز دو مذہبی گروپوں میں مسلح تصادم میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے، متاثرہ علاقوں میں صبح دس بجے سے غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ ضلع بھکر کے متاثرہ علاقوں بھکر شہر، دریا خان، کوٹلہ جام، پنج گرائیں اور کہا وڑکلا میں کشیدگی برقرار ہے۔ تمام بازار اور دکانیں بند ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں صبح دس بجے سے غیر معینہ مدت تک کرفیو لگادیا گیا ہے۔

رینجرز کے دستوں نے متاثرہ علاقوں میں گشت شروع کردیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ روزتصادم میں ہلاک ہونیو الے 3 افراد کی تدفین کردی گئی ہے۔

آج ملتان میں زیر علاج ایک اور شخص دم توڑ گیا، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ کوٹلہ جام میں کامران، علی رضا اور عمران شاہ کے قتل کے الگ الگ مقدمات تھانہ سٹی دریا خان میں درج کرلئے گئے ہیں۔ مقدمات میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔