کراچی (جیوڈیسک) لیاری میں فائرنگ اور آوان گولوں کے حملے سے ایک شخص جاں بحق اور دو خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ مچھر کالونی میں فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ماڑی پور روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
فائرنگ کی زد میں آ کر کامران نامی شخص ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔ جرائم پیشہ افراد کی جانب سے غوثیہ کالونی روڈ پر دو آوان گولے داغے گئے ایک گولہ اسکول کی عمارت پر بھی گرا۔ رہائشی عمارت پر گرنے والے گولے سے دو خواتین زخمی ہو گئیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا۔ مچھر کالونی میں آج صبح فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے زین العابدین کے قتل کے خلاف مکینوں نے ماڑی پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔