پی آئی اے حج آپریشن کیلئے کوئی طیارہ لیز پر نہیں لے گا، کیپٹن محمد جنید یونس

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے کی حج پروازوں کا آغاز 9 ستمبر سے ہورہا ہے، قومی ایئر لائن اس سال حج کیلئے کوئی طیارہ لیز پر نہیں لے گی بلکہ اپنے ہی طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کیا جائے گیا۔ یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے کیپٹن محمد جنید یونس نے کانفرنس میں بتائی۔ عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کیلئے پی آئی اے کیلئے پروازیں 9 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری ہیں۔

جبکہ ادائیگی حج کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی 19 اکتوبر سے 18 نومبر تک جاری رہے گی۔ ایم ڈی پی آئی اے جنید یونس نے عازمین حج کو آگاہ کیا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت ایک حاجی اپنے ہمراہ 5 لیٹر آب زم زم کا صرف ایک کین ہی لا سکتے ہیں۔ ایم ڈی پی آئی اے نے بتایا کہ حج آپریشن کیلئے 4 طیارے مختص کئے ہیں۔

جبکہ 2 طیارے اسٹینڈ بائی ہوں گے، 160 پروازوں کے ذریعے 70 ہزار عازمین حج کو کراچی، لاہور، اسلامآباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور سیالکوٹ سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ ادھر ایر لائن ذرائع کے کہنا ہے کہ حج آپریشن کے دوران 18 میں سے 4 طیارے حج پروازوں کیلئے مختص ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کا معمول کا آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔