ڈینگی کے خاتمہ کے لئے آخری حد تک لڑیں گے، حاجی نواز چوہان

گوجرانوالہ : وزیراعلی صحت مند پنجاب پروگرام کے کوآرڈینیٹر و مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئے آخری حد تک لڑیں گے، صرف مخصوص دن ہی نہیں خاموش قاتل سے بچنے کیلئے ہمیں ہر وقت الرٹ اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہو گا۔

عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی جیسے مہلک وائرس کو شکست دینا ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کے مختلف علاقوں نوشہرہ روڈ، حافظ آباد روڈ، کلر آبادی ودیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان نے انتظامیہ کو حلقہ میں کھڑے بارش کے پانی کے فوری نکاس اور بروقت سپرے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔

قبل ازیں کامونکی اور واہنڈو کے نواحی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کرتے ہوئے حاجی نواز چوہان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، مصیبت کے اس وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر انتظامیہ نے انہیں سیلاب کے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔