اسلام آباد (جیوڈیسک) آزادکشمیر کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولا باری سے خاتون سمیت 2 افرادشہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی بین الاقوامی نہیں دو طرفہ معاملہ ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے، کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر کو زیادہ نشانہ بنایا جارہا ہے جہاں ہفتے کی شام 7 بجے سے بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
اتوار کی صبح نکیال کے علاقے پیر کلنجر میں بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص شہید ہوگیا، اس سے پہلے نکیال سیکٹر کے علاقے داتوٹ اور لنجوٹ میں بھی 2 مکانوں پر گولے گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ نکیال سیکٹرمیں ترکنڈی، داتوٹ، لنجوٹ، پیر کلنجر، بالا کوٹ اور دیگر علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پرپاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ادھرحیدر آباد دکن میں ایک تقریب کے دوران بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سیزفائر کی خلاف ورزی بین الاقوامی مسئلہ نہیں، دونوں ممالک کو ایسے واقعات خود حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعات دونوں جانب سے ہوتے ہیں مگر میڈیا انہیں درست انداز میں پیش نہیں کرتا۔