راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کیرالہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کیخلاف پاکستانی فوج کا بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک، گزشتہ دو روز میں بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ لائن آف کنٹرول کے علاقے کیرالہ سیکٹر میں پاکستان کی افواج نے بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ دو روز کے دوران بھارتی فورسز کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ کیرالہ سیکٹر میں دونوں جانب سے گولہ باری کا سلسلہ 2 گھنٹے تک جاری رہا جس میں 3 بھارتیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب آج کنٹرول لائن پر نکیال سیکٹر کے گاں ڈبسی، دھیری اور لنجوٹ کے مقامات پر بھارتی فوج نے دوبارہ جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ بلا اشتعال گولا باری اور فائرنگ کا سلسلہ نماز فجر کے فورا بعد شروع کر دیا گیا۔
بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں لائن آف کنڑول پر چار مرتبہ فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی طرف سے ترکنڈی کے مقام پر شہری آبادی پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج نے زخمی افراد کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کر دی تاہم ایمبولینس میں سوار عملہ محفوظ رہا۔
اسٹنٹ کمشنر نکیال نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں دو شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ادھر حکومت آزاد کشمیر نے کنٹرول لائن سے ملحق 3 کلومیٹر تک کے ایریا میں قائم تمام سکول و کالجز کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا ہے۔ ان علاقوں میں پرائیویٹ سکولز بھی بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اب تک پاک فوج کے ایک افسر سمیت کئی اہلکار اور شہری شہید ہو چکے ہیں۔