مذاکرات ہوں یا طاقت کا استعمال، حکومت کے ساتھ ہیں، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت چاہے مذاکرات کرے یا طاقت کا استعمال ، دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر حکومت کے ساتھ ہیں ،خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کو قرض کی دلدل میں نہ ڈالے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرکے خطاب پر بحث کا آغاز کیا۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر حکومت کے ساتھ ہیں، حکومت چاہے مذاکرات کرے یا طاقت کا استعمال۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ کشکول توڑنے کے دعوے کے برعکس پہلے سات دن میں ہی 7 ارب ڈالر کا قرض لے کر قوم کو حیران کردیا گیا۔ حکومت ملک کو قرض کی دلدل میں نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ حکومت پانچ سال پورے کرے اور ترقی کی راہ پر چلے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ آئینی عدالت اور کارگل کمیشن سمیت میثاق جمہوریت کی جو تین چیزیں رہ گئی ہیں حکومت اسے پورا کرے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلی بار صدر نے پارلیمنٹ سے 6 مرتبہ خطاب کیا، ڈکٹیٹر نے منتخب وزیراعظم اور حکومت کو ختم کیا تھا، جمہوریت بہت طاقت رکھتی ہے اسے ختم کرنے کے لئے مارشل لگائے جاتے ہیں،آمر صدر نے 2002 سے 2007 تک پارلیمنٹ سے خطاب نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان ایک دوسرے کی سازشوں کا شکار بنتے رہے،ان کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر پابندی کا خاتمہ جمہوریت کا ثمر ہے۔