کراچی : پولیس نے سفاری پارک کے قریب مقابلہ مشکوک قرار دے دیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سفاری پارک کے قریب پولیس مقابلے میں گرفتاریوں کو خود پولیس حکام نے مشکوک قرار دیا ہے اور مقابلے کے بعد گرفتار کیے گئے 9 ملزمان کو ابتدائی تفتیش میں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ 15 اگست کو یونیورسٹی روڈ پر ڈاکووں کی موجودگی کی اطلاع پر مبینہ آپریشن کیا گیا تھا۔

جس میں ڈی ایس پی گلشن اقبال قاسم غوری سمیت تین اہلکار پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ تین ملزمان بھی مارے گئے تھے جبکہ 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، مبینہ مقابلے کے بعد اس کی شفافیت کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے جس کے بعد اس کی تحقیقات اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد کر دی گئی تھی اور ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ کو اس کا تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر تحقیقاتی افسر نے جیو نیوز کو بتایا کہ گرفتار کیے گئے 9 ملزمان ابتدائی تفتیش میں بے گناہ لگتے ہیں اور ابتدائی رپورٹ میں انہیں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے تاہم چند ثبوتوں کا انتظار کیا جارہا ہے اور اس کے بعد تحقیقاتی رپورٹ کراچی پولیس چیف کو پیش کی جائے گی۔ مبینہ آپریشن اور مقابلے میں ایس ایچ او گلستان جوہر کے کردار کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔