پشاور (جیوڈیسک) پولیس میں آپریشن کلین آپ کا آغاز ہوتے ہی خیبر پختون خوا پولیس متحرک ہو گئی اور کا رروائی کرتے ہوئے اپنے ہی ڈی ایس پی سمیت متعدد اہلکاروں کو معطل و گرفتار کرلیا۔ خیبر پختونخوا میں تھانہ کلچر کی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے اور گزشتہ تین دنوں میں پشاور کے ایس ایس پی آپریشن نے ایک ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز، ایک اے ایس آئی، تین ہیڈ کانسٹیبل اور تین کانسٹیبلز کو گرفتار و معطل کیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی لوگوں کو حبس بے جا میں رکھنے، تشدد کا نشانہ بنانے، رشوت لینے، اختیارت کا ناجائز استعمال کرنے اور فرائض کی ادائیگی میں غفلت بھرتنے کی شکایات کے بعد کی گئی۔ یہ آپریشن، آئی جی خیبر پختون خوا احسان غنی کی ہدایات پر کیا گیا اور پولیس فورس پر واضح کیا گیا ہے کہ کرپٹ اور نااہل پولیس افسران اور اہلکاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ گرفتار اور معطل پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری کے لئے 4 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔