اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ مسئلہ حل کرنے کے لئے حکومت سیاسی اقدامات کے لئے بھی تیار ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث معیشت تباہ ہو کر رہ گئی جبکہ بیرونی سرمایہ کاری بھی سکڑ گئی ہے۔ منتخب حکومت کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، مسئلہ سے قوم کو جلد از جلد چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے لیے نیک نیتی سے آپشنز اوپن کیے ہیں۔
سیاسی قوتوں کے تعاون اور حمایت سے معاملہ حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ کنٹرول لائن پر کشیدگی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہئے کہ خوشحالی کا راستہ مذاکرات کی میز پر ہی ملے گا۔ تصفیہ طلب مسائل پر سنجیدہ بات چیت کی ضرورت ہے۔