کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں دو گروپوں میں مسلح تصادم جاری ہے، فائرنگ اورراکٹ حملوں کے نتیجے میں اب تک 4 افراد ہلاک جبکہ خواتین سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کا سلسلہ جاری ہے۔ کلری، ہنگورا آباد، دبئی چوک اور عیدو لین سمیت کئی علاقوں میں فائرنگ اور راکٹ حملوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہے، لیاری کے مختلف علاقوں میں زخمی ہونے والے افراد کو لیاری جنرل اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں 10 خواتین بھی شامل ہیں۔
لیاری سے منتخب ہونے والی رکن صوبائی اسمبلی ثانیہ ناز نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں کشیدگی پھیلانے کے لیے دوسرے علاقوں سے مسلح لوگوں کو یہاں لایا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کو صدر ٹاون اور سول اسپتال کے قریب سے اغوا بھی کیا گیا ہے۔ لیاری میں فائرنگ اور آوان راکٹ حملوں کے بعد علاقے کی صورتحال کشیدہ ہے، جبکہ علاقہ مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔