گجرات اور نارووال متاثرین سیلاب کی بحالی دینی وقومی فریضہ ہے
Posted on August 27, 2013 By Tahir Webmaster گجرات
گجرات : گجرات اور نارووال متاثرین سیلاب کی بحالی دینی وقومی فریضہ ہے۔ پیاری چیز راہ خدا میں قربان کرنے سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے، دین اسلام خدمت خلق پر زور دیتا ہے۔ حالیہ سیلابوں نے کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن کا یہ ”کاروان پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمة اللہ علیہ” نارووال کے سیلاب سے متاثرہ 170 خاندانوں کی امداد کیلئے حاضر ہے۔ آج متاثرین میں خوراک کے تھیلے اور نقدی رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں تعمیر و مرمت کیلئے کردار ادا کیا جائیگا۔
مخیرین میدان عمل میں نکل کر مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی امداد کریں۔ ان خیالات کا اظہار امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر محمد افضل قادری چیئرمین افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن نے قلعہ احمد آباد کے نواحی دیہات کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پیر سید عابد حسین شاہ جماعتی آستانہ عالیہ علی پور شریف، پیر محمد ظہور واصف، الحاج محمد اسلم جنجوعہ، خالد قادری، الیاس زکی، شبیر ساہی و دیگر معززین علاقہ شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظم اعلیٰ تنظیم اہلسنت علامہ ضیاء اللہ قادری، صوبائی امیر تنظیم اہلسنت پنجاب علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی، راہنما JUP علامہ توقیر باجوہ، راہنما سنی تحریک حافظ محمد یوسف بٹ، محمد افضل بٹ ایڈووکیٹ ،محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا کہ مخلوقِ خدا کی خیر خواہی کا عمل تنظیم اہلسنت کا عظیم کارنامہ ہے۔ مخلوق کے دکھ کو اپنا دکھ تصور کر کے حضرت پیر محمد افضل قادری سنتِ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو زندہ کئے ہوئے ہیں۔
متاثرین سیلاب کی امداد لے کر آنے والے کاروان کاقلعہ احمد آباد ناروال پہنچنے پر پُر تباک استقبال کیا گیا۔ تنظیم اہلسنت کے کارکنان نے نعرۂ تکبیر و رسالت سے فضا کو معطر کیا۔ علماء نے اس بات کو سراہا کہ افضلیہ ویلفیئر فائونڈیشن نے اس سے پہلے زلزلہ متاثرین، صوبہ سندھ کے متاثرین سیلاب کی امداد کا کام کیا اور اب متاثرین سیلاب صوبہ پنجاب کیلئے خوراک و نقدی رقوم سے امداد کی جا رہی ہے۔