وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے سانگھڑ گمبٹ میں شہداد ون گیس اور تیل کے نئے کنویں کا گیس کا شعلہ جلاکر افتتاح کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گمبٹ ساوتھ بلاک میں تیل اور گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کرنے پر پی پی ایل کا کردار قابل تحسین ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔
اور پی پی ایل کو نئے تیل اور گیس کے ذخیروں کی نئی دریافت اور پیداوار میں اضافے کیلئے ہرممکن وسائل دریافت کرے انہوں نے بتایا کہ گمبٹ ساوتھ بلاک کنواں شہداد ون سے 58 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 400 بیرل تیل یومیہ حاصل ہو گا،۔ پی پی ایل کے عاصم مرتضی نے خطاب میں کہا کہ یہ اس بلاک میں دوسری دریافت ہے جبکہ پہلے سے دریافت کنوئیں وافقX-1 سے بھی گیس اور کنڈنسیٹ حاصل ہو چکے ہیں۔
تاہم اس کنوئیں سے ہائیڈرو کاربن کے حصول کی حتمی صلاحیت کا تعین اس کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔ اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران میں تیل وگیس کی طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی ہو گی۔