بیرسٹر علی اشرف مغل نے پی ٹی آئی کے پر امن احتجاجی دھرنے پر پولیس گردی کی شدید مذمت کی

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ کے راہنماء بیرسٹر علی اشرف مغل نے لاہور میں پی ٹی آئی کے پرامن احتجاجی دھرنے پر پولیس کے وحشیانہ تشدداور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتخابی دھاندلی کے بعد مسلم لیگی حکومت کا دوسرا غیر جمہوری اور آمرانہ اقدام قرار دیا ہے۔

وہ گذشتہ روز پی ٹی آئی این اے 95 کے دفترمیں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی اشرف مغل نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر ہونے والی دھاندلی کو پی ٹی آئی پہلے ہی وائٹ پیپرجاری کرکے بے نقاب کرچکی ہے اوراب لاہور میں جس طرح انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے۔

وہ اس بات کاعندیہ ہے کہ مسلم لیگی حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور حکومت پنجاب کے غیر قانونی اور آمرانہ ہتھکنڈوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ علی اشرف مغل نے پنجاب لوکل باڈیز ایکٹ کو بنیادی جمہوری اصولوں کے منافی قراردیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی ساکھ بچانے کیلئے یہ انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پرکرانے پر تلی ہوئی ہے۔

حالانکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہوتے ہیں اوریہیں سے اعلیٰ قیادت کی نمو ہوتی ہے۔بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہا کہ اگر لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو پنجاب بھر میں صوبائی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔