مصر،شام، بنگلہ دیش اور برما میں مسلمانوں اور اسلام پسندوں پر جاری ظلم و ستم کو بند کیا جائے: محمد زبیر صفدر

لاہور(26اگست 2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا کہ مصر، شام، بنگلہ دیش اور برما میں مسلمانوں اور اسلام پسندوں پرجاری ظلم و ستم،تشدد اور قتل عام کے سلسلے کو بندکیا جائے۔ مصر میں عوامی ووٹوں سے منتخب نمائندہ جمہوری حکومت کو برطرف کرنا اور اس کے خلاف جمہوری حق استعمال کرنے والے مصری عوام کا قتل عام جمہوریت اور انسانیت دشمن اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے منعقدہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مصر میں جاری معصوم اور بے گنا ہ مصری عوام کے قتل عام کو فوراً روکا جائے اور وہاں کی منتخب جمہوری قیادت اور ڈاکٹر مرسی کو رہا کرتے ہوئے ان کی حکومت کو بحال کیا جائے ۔جب کہ جنرل سیسی کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مصریوں کی نسل کشی کا مقدمہ درج کیا جائے۔

ناظم اعلیٰ نے برما میں مسلمانوںکے قتل عام اور بنگلہ دیش میں حسینہ واجدکی حکومت کی طرف سے اسلام پسندوںکو بے بنیاد مقدمات میں ملوث کرنے اور ان کو ظلم و تعصب کا نشانہ بنانے کی بھی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ،او آئی سی، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی۔

ا نہیں صورتحال کا نوٹس لینے اور عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے معیارات کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ مصر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر عالمی امن کے ٹھیکداروں اور انسانی حقوق کے علمبرادروں کی خاموشی ان کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔