کابینہ اجلاس: قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، یورپ اور امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری، ڈاکٹر عافیہ کی حوالگی کی راہ ہموار ہوگئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت کابینہ اجلاس میں یورپ اور امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے تحت اب امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور پاکستان کو حوالگی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

معاہدے کے تحت امریکا سے ڈاکٹر عافیہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی بدامنی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کا خصوصی اجلاس بلانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

کراچی کے حوالے سے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیراعلی سندھ، گورنر، ڈی جی رینجرز اور آئی جی کیساتھ ساتھ ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بھی شریک ہونگے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال تشویشناک ہے۔