پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان

Petroleum

Petroleum

کراچی (جیوڈیسک) اگلے ماہ سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، عالمی قیمتیں بڑھنے کے بعد مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات ڈھائی سے 3 روپے مہنگی ہوسکتی ہیں۔ پیٹرول 3 روپے مہنگا اور ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے۔وزارت پیٹرولیم ذرائع کے مطابق یکم ستمبر سے لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بھی 2 روپے 25 پیسے بڑھ سکتی ہیں۔ اس وقت ملک میں پیٹرول 104 روپے 50 پیسے اور ڈیزل 109 روپے 76 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

حالیہ دنوں میں خام تیل کی عالمی قیمتیں 3 ڈالر اضافے کے ساتھ 109 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہیں جس کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ شام میں جاری خانہ جنگی اور مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بعد سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر خام تیل مہنگا ہوگیا ہے۔