وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے منظوری ملنے پر ستمبر کے پہلے ہفتے میں سات خصوصی اسکیمیں شروع کر دی جائیں گی۔ پانچ ارب روپے کی لاگت سے قرض حسنہ کی اسکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت مرد اور خواتین کو بغیر سود چھوٹے قرضے فراہم کیئے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 50 ہزار نوجوانوں کو ایک لاکھ سے بیس لاکھ روپے تک چھوٹے قرضے فراہم کیئے جائیں گے جبکہ نوجوانوں کو تربیت اور ہنر سکھانے کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔۔لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اعلی تعلیم حاصل کرنے والے ذہین نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
ماسٹر ڈگری رکھنے والے نوجوانوں کے لئے ایک سالہ تربیتی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ 25 سال سے کم عمر کے نوجوان اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔ مڈل پاس 25 ہزار نوجوانوں کو 25 مختلف ہنر سکھانے کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ کم ترقی یافتہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے فیس ادائیگی کی اسکیم شروع کی جائے گی۔ اسکیم کے تحت اندرون سندھ، جنوبی پنجاب، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے طلبا کی فیس حکومت ادا کرے گی۔