جنوبی امریکا میں شدید برفباری، پرو میں مواصلاتی نظام درہم برہم

South America Snow

South America Snow

واشنگٹن (جیوڈیسک) جنوبی امریکا کے کئی ممالک میں برفباری زوروں پر ہے۔ پرو میں مواصلات کا نظام درہم برہم ہونے پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ پرو، چلی اور بولیویا کے کئی علاقوں میں کئی دن سے برفباری کاسلسلہ جاری ہے۔ کئی شہروں میں ریلوے، سڑکیں اورائر پورٹ بند ہونے سے شہریوں کی آمدو رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے جبکہ ٹیلی فون سروس بھی بری طرح معطل ہے۔ بولیویا کے دارالحکومت لاپاز کا کئی قریبی علاقوں سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے۔

بولیویا میں کئی ہزار لاما اور الپاکا نامی جانوروں کے مرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ادھر پرو کے دیگر کئی علاقوں میں بھی ہزاروں خاندان برفباری میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پرو کی حکومت نے 9 صوبوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔ برازیل کے بھی کئی علاقوں میں برفباری ہوئی لیکن یہاں شدت زیادہ نہیں تھی۔ برازیل کے شہریوں نے گھروں سے نکل کر برفباری کا لطف اٹھایا۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق جنوبی امریکا میں برفباری کا سلسلہ ابھی ایک ہفتہ اور چلے گا۔