وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتیہوئے کابینہ کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔ اجلاس میں متحدہ قومی مومنٹ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعلی سندھ سمیت اعلی سیکورٹی حکام بھی شریک ہوں گے۔
کراچی کے حالات پر وزیر اعظم حرکت میں آگئے اور شہر کی صورتحال پر کابینہ کی خصوصی بیٹھک طلب کر لی۔ وزیراعظم نے یہ قدم کابینہ کے شیڈول اجلاس کے دوران اٹھایا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کرا چی کی صورتحال تشویش ناک ہے۔ مسئلے کے حل کیلئے ملکر فیصلے کرنا ہوں گے۔ کرا چی میں بد امنی سے عوام کا جانی اور مالی نقصان ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کے طلب کردہ خصوصی اجلاس میں گورنر۔ وزیر اعلی سندھ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس سندھ اور چیف سیکریٹری موجود ہوں گے۔ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبے پر وفاقی حکومت میں ہل چل مچ گئی ہے۔
سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ اور ایم کیو ایم اپوزیشن میں۔ ایم کیو ایم نے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ قومی اسمبلی میں بھی کر ڈالا۔ جس پر معاملہ گرم ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم کے مطالبے کو غیر جمہوری قرار دے دیا۔ پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر جمعرات کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی بلا لیا۔